1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلوچستان: فوجی آپریشن میں 10 سے زائد عسکریت پسند ہلاک

افسر اعوان8 جون 2014

پاکستانی ملٹری فورسز نے ملک کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں ایک آپریشن کے دوران 10 علیحدگی پسند باغیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CEaT
تصویر: DW/A. Ghani Kakar

حکام کے مطابق آج اتوار آٹھ جون کو کی جانے والی یہ کارروائی اس صوبے میں امن وامان کی بحالی کے لیے جاری آپریشن کا حصہ ہے جو طویل عرصے سے عسکریت پسندی کے شکار۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ آپریشن ضلع ڈیرہ بُگٹی کے شہر گندیاری میں کیا گیا۔ یہ علاقہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے 250 کلومیٹر جنوب مشرق کی جانب واقع ہے۔ تین روز قبل ہی سکیورٹی فورسز نے اسی علاقے میں ایک آپریشن کے دوران 30 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔

حکام کے مطابق ملک کے تین صوبوں بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے سنگم کے قریب واقع یہ گاؤں دراصل علیحدگی پسند تحریک کا گڑھ ہے اور یہیں سے جا کر یہ عسکریت پسند ٹرینوں، پُلوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

بلوچستان میں تعینات پیراملٹری فورس ’فرنٹیئر کور‘ کے ترجمان منظور احمد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’ہم تصدیق کرتے ہیں کہ گندیاری کے علاقے میں آج کیے جانے والے ایک آپریشن میں کالعدم تنظیم بلوچستان ری پبلکن آرمی (BRA) کے 10 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔‘‘ منظور احمد کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے یہ آپریشن اس اطلاع کے بعد آج اتوار کی صبح کیا کہ BRA کے عسکریت پسند اس علاقے میں چھپے ہوئے ہیں۔

ہلاکتوں کی تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پائی۔

معدنیاتی ذخائر سے مالا مال پاکستانی صوبہ بلوچستان میں کئی دہائیوں سے علیحدگی پسندی کی لہر اٹھتی رہی ہے۔ تازہ لہر کا آغاز 2004ء میں ہوا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق علیحدگی پسند نہ صرف پاکستانی حکومت کی جانب سے قدرتی وسائل کے حوالے سے اس صوبے کو استحصال کا شکار بنائے جانے کا شکوہ کرتے ہیں بلکہ وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا بھی الزام عائد کرتے ہیں۔

بلوچستان رقبے کے لحاظ سےپاکستان کا سب سے بڑا جب کہ آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے۔ یورپی ملک اٹلی کے برابر رقبے کے حامل اس صوبے کی آبادی محض 90 لاکھ ہے۔ اس صوبے کو وسیع خودمختاری دیے جانے کا معاملہ پاکستانی سیاست میں ایک انتہائی نازک موضوع سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر سابق مشرقی پاکستان کے 1971ء میں ملک سے الگ ہو جانے کے بعد سے جو اب بنگلہ دیش کی صورت میں دنیا کے نقشے پر موجود ہے۔