بلائنڈ کرکٹ: پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت میں
16 مئی 2011ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر ڈیوڈ ٹاؤنلی نے دبئی میں بتایا کہ اس کونسل کے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے دو روزہ اجلاس میں رائے شماری کے نتیجے میں رکن ملکوں نے اپنی مشاورت کے آخری دن یعنی اتوار کو یہ فیصلہ کیا کہ نابینا کھلاڑیوں کے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے اپنی نوعیت کے اولین ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کو دے دی جائے۔
بھارت میں یہ ٹورنامنٹ جنوبی شہر بنگلور میں اس سال تین دسمبر کو شروع ہو گا۔ ابھی تک اس ٹورنامنٹ میں مقابلوں کا شیڈول حتمی طور طے نہیں ہوا تاہم یہ بات یقینی ہے کہ یہ ورلڈ کپ مقابلے زیادہ سے زیادہ چودہ روز تک جاری رہیں گے۔
ڈیوڈ ٹاؤنلی کے مطابق ان ورلڈ کپ مقابلوں میں ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے رکن ملک شرکت کریں گے، جن میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، نیپال، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ شامل ہیں۔
دبئی میں ہونے والے نابینا کھلاڑیوں سے متعلق عالمی کرکٹ کونسل کے اس اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سن 2014 میں نابینا کھلاڑیوں کے لیے ایک روزہ میچوں کے ورلڈ کپ مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ان مقابلوں کے میزبان ملک کا انتخاب اس سال ستمبر میں عمل میں آئے گا۔ ڈیوڈ ٹاؤنلی کے مطابق اب تک بلائنڈ کرکٹ کے ون ڈے مقابلوں کے اس عالمی کپ کی میزبانی کے لیے پاکستان اور جنوبی افریقہ نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم ان ملکوں کی طرف سے تاحال کوئی باقاعدہ درخواستیں نہیں دی گئیں۔
معمول کی بین الاقوامی کرکٹ کے ون ڈے مقابلوں کے اس سال ہونے والے ورلڈ کپ کا اہتمام کرکٹ کے نگران عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کیا تھا اور اس کی میزبانی مشترکہ طور پر بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش نے کی تھی۔ کرکٹ کا یہ ون ڈے ورلڈ کپ میزبان ملک بھارت نے جیتا تھا۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: امجد علی