1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برٹش پیٹرولیم پاکستان میں بھی املاک فروخت کرے گی

21 جولائی 2010

برٹش پیٹرولیم نے پاکستان سمیت مختلف ممالک میں دس ارب ڈالر مالیت کی املاک فروخت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس کا مقصد خلیج میکسیکو میں تیل کے اخراج سے نمٹنے پر اٹھنے والے اخراجات پورے کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/OQP6
تصویر: picture-alliance/dpa

پاکستان اور ویت نام میں برٹش پیٹرولیم کی 1.7 ارب ڈالر مالیت کی املاک کی فروخت کا اعلان کیا گیا ہے۔ بی پی پاکستان کے صوبہ سندھ میں گیس کی پروڈکشن فیلڈ اور گیس کی تلاش کے لئے منصوبے چلا رہی ہے۔ سندھ کے جنوبی علاقوں میں موجود کمپنی کی ان املاک کی مالیت 69 کروڑ ڈالر بتائی جاتی ہے جبکہ ان کے ممکنہ خریداروں میں برطانوی کمپنی پریمیئر آئل کا نام سرفہرست ہے، جو پہلے ہی جنوبی پاکستان میں کام کر رہی ہے۔

BP-Vorstandschef Tony Hayward NO FLASH
بی پی کے سربراہ ٹونی ہئے ورڈتصویر: AP

پاکستان کی ان فیلڈز میں 2009ء میں گیس کی یومیہ پیداوار 17 کروڑ مکعب فٹ سے زائد تھی۔ بی پی کے ایک ترجمان کے مطابق ان کی کمپنی ویت نام میں Nam Con Son گیس پراجیکٹ کی فروخت کا منصوبہ بھی تیار کر رہی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ویت نام میں غیرملکی سرمایہ کاری سے چلنے والا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

برٹش پیٹرولیم کے یہ اقدام پہلے سے اعلان کردہ دس ارب ڈالر کی املاک فروخت کرنے کے منصوبے کا حصہ ہیں، جو خلیج میکسیکو میں کمپنی کے زیرسمندر ڈرلنگ اسٹیشن کی تباہی کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کو پورا کرنے کے لئے بنایا گیا۔

یہ ڈرلنگ اسٹیشن 20 اپریل کو تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں اس پر کام کرنے والے 11افراد ہلاک ہوئے جبکہ بڑے پیمانے پر تیل سمندر میں پھیل گیا۔ اس حادثے کو امریکہ کے لئے بدترین ماحولیاتی تباہی قرار دیا گیا۔

اس حوالے سے منگل کو ہی اس برطانوی کمپنی نے ہوسٹن کی اپاچی کارپوریشن کے ساتھ سات ارب ڈالر مالیت کی جائیدادیں فروخت کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت اپاچی ٹیکساس، کینیڈا کے مغربی علاقے اور مصر میں برٹش پیٹرولیم کی املاک خریدے گی۔ سمجھوتے کے تحت بی پی کو پانچ ارب ڈالر کی رقم 30 جولائی کو حاصل ہو جائے گی۔

Öl-Bohrinsel sinkt im Golf von Mexiko
بی پی کا ڈرلنگ اسٹیشن اپریل میں تباہ ہو گیا تھاتصویر: AP

بی پی کے چیف ایگزیکٹو ٹونی ہئیورڈ نے ایک بیان میں کہا، ’ہمیں ایسی املاک کے لئے زبردست قیمت ملی ہے، جو بی پی سے زیادہ دوسروں کے لئے اہم ہیں۔‘

اپاچی کا کہنا ہے کہ وہ قرضوں، ایکوئٹی اور حاصل مالی وسائل سے ان املاک کے لئے ادائیگیاں کرے گی۔ یہ کمپنی اس حوالے سے دو کروڑ 10 لاکھ حصص جاری کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں