1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برٹش ائر ویزکی ہڑتال،سینکڑوں پروازٰیں منسوخ

22 مارچ 2010

برطانوی فضائی کمپنی برٹش ایئر ویز کے ہزاروں کیبن ملازمین کی ہفتےکے روز سے شروع ہونےوالی تین روزہ ہڑتال آج بھی جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/MZ9o
برٹش ایئر ویز کوہڑتال کے باعث اپنی سینکڑوں پروازیں منسوخ کرنا پڑیںتصویر: AP

ہفتے کے دن اس احتجاج کے آغاز سے لے کر اب تک برٹش ایئر ویز کو اپنی مجموعی طور پر سینکڑوں پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ تاہم مسافروں کے لئے جزوی طور پر تسلی کی بات یہ تھی کہ بہت سے مسافر اس ہڑتال کے باوجود اپنی منزلوں پر پہنچنے میں کامیاب رہے۔

ایسا اس لئے ممکن ہوا کہ اس برطانوی فضائی کمپنی نے ہڑتال کے اعلان کے ساتھ ہی ایسے اقدامات کی کوششیں بھی شروع کر دی تھیں کہ کیبن ملازمین کی طرف سے اپنے فرائض کی انجام دہی بند رکھنے کے باوجودکمپنی کا فلائٹ سسٹم پوری طرح مفلوج نہ ہو۔

اس طرح یہ فضائی کمپنی اس بات کو یقینی بنانے میں کامیاب ہو گئی تھی کہ جن مسافروں نے پہلے سے اپنی ٹکٹیں خرید رکھیں تھیں ان میں سے کم ازکم ساٹھ فیصد کسی نہ کسی طور اپنی منزل پر پہنچ سکیں ۔

دوران پرواز مسافروں کی دیکھ بھال کا کام کرنے والے اس ایئر لائن کے کیبن ملازمین کی کُل تعداد بارہ ہزار کے قریب ہے۔ ان میں سے ہڑتال کے پہلے روز قریب اسی فیصد کارکنوں نے اپناکام بند رکھا۔

برطانیہ میں کارکنوں کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین Uniteہے اور اس تنظیم کے کارکنوں نے اپنی ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا تھا جب برٹش ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو Willie Walshکے ساتھ ان کے حالات کار میں بہتری سے متعلق مذاکرات ناکام ہو گئے تھے۔

اس ہڑتال کے دوران اب تک برٹش ایئرویزکی دو بڑے ہوائی اڈوں پر اترنے والی یا وہاں سے رخصت ہونے والی پروازیں سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔ یہ ہوائی اڈے لندن کا ہیتھرو اور لندن کے نواح میں Gatwickکا ایئر پورٹ ہیں۔

جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب شروع ہونے والی موجودہ تین روزہ ہڑتال برطانوی وقت کے مطابق پیر کی رات بارہ بجے ختم ہو گی۔ کارکنوں کی ٹریڈ یونین Uniteپہلے ہی یہ اعلان کر چکی ہے کہ اگر گزشتہ تیرہ برسوں میں کمپنی کے کیبن ملازمین کی طرف سے کی گئی اس پہلی ہڑتال سے جملہ مقاصد حاصل نہ ہوئے تو ایک اور ہڑتال کی جائے گی۔

یہ دوسری ہڑتال27مارچ سے شروع کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے جو چار دن تک جاری رہے گی۔ مارچ کے آخری دنوں میں اس احتجاج کا مقصد ایسٹر کی چھٹیوں کے دوران پروازوں کا شیڈول مفلوج کر کے کمپنی انتظامیہ کا زیادہ سے زیادہ دباؤ میں لانا ہے۔

رپورٹ: عصمت جبین

ادارت : عدنان اسحاق