1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطرف کیا تو حکومت ختم، جرمن وزیرداخلہ

22 جون 2018

جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر نے چانسلر انگیلا میرکل کو خبردار کیا ہے کہ وہ انہیں برطرف کرنے سے باز رہیں اور اگر وہ ان کے کام سے خوش نہیں، تو انہیں وسیع تر اتحادی حکومت ختم کر دینا چاہیے۔

https://p.dw.com/p/303rY
Gedenktag für die Opfer von Flucht und Vertreibung mit Bundeskanzlerin Angela Merkel (CDU) und Horst Seehofer (CSU), Bundesminister des Innern, für Bau und Heimat
تصویر: picture-alliance/dpa/K.Nietfeld

جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر نے جمعے کے روز پاساؤر نوئیر اخبار سے بات چیت میں کہا کہ یہ پہلا موقع ہو گا کہ کسی وزیر کو ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے کوشش میں برطرف کیا جائے گا۔

چانسلر انگیلا میرکل اور وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر کے درمیان مہاجرین کے موضوع پر اختلافات شدید ہیں۔ ہورسٹ زیہوفر کا تعلق جنوبی صوبے باویریا میں میرکل کی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی سسٹر پارٹی کرسچین سوشل یونین سے ہے اور وہ طویل عرصے تک باویریا صوبے کے وزیراعلیٰ کے بہ طور خدمات انجام دے چکے ہیں۔ گزشتہ برس سمتبر میں عام انتخابات کے بعد بننے والے وسیع تر مخلوط حکومت میں زیہوفر کو وزارت داخلہ کا قلم دان سونپا گیا تھا، تاہم وہ مہاجرین سے متعلق سخت پالیسیوں کے حق میں ہیں۔

کون جرمنی داخل ہو سکتا ہے اور کون نہیں؟

جرمن وزیر داخلہ نے بارڈر کنٹرول چیک کے نفاذ کا ارادہ بدل دیا

’بامف کے نئے سربراہ، زیہوفر کے قریبی باویرین اتحادی زومر‘

ایک غیرمطبوعہ ’مائیگریشن ماسٹر پلان‘ میں زیہوفر نے تجویز دی تھی کہ جرمن سرحدوں پر نگرانی کا عمل بڑھایا جائے اور سیاسی پناہ کے ایسے درخواست گزار جو کسی دوسرے یورپی ملک میں پناہ کی درخواست دے چکے ہوں، ان کی درخواستوں کو سرحد پر ہی نمٹا دیا جائے۔ چانسلر میرکل نے تاہم یہ منصوبہ مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہاجرین کے معاملے پر جرمنی کو اپنے طور پر اقدامات کرنے کی بجائے اس معاملے پر یورپی سطح پر کوئی حل نکالنا ضروری ہے۔

اطلاعات ہیں کہ گزشتہ ہفتے جرمن ایوان زیریں کی پارلیمانی میٹنگ کے دوران زیہوفر نے کہا تھا کہ اگر اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ طے نہیں پاتا، تو وہ ’وزارتی اختیارات‘ کا استعمال کرتے ہوئے تنہا ہی اس منصوبے پر عمل درآمد شروع کر سکتے ہیں۔ میرکل کا تاہم اصرار ہے کہ یورپی یونین کی تمام ریاستوں کو ساتھ ملا کر اقدامات کرنے کی بجائے اگر جرمنی اپنی طور پر اقدامات کرتا ہے، تو اس کے منفی نتائج برآمد ہوں گے۔

 اتوار کے روز یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے بعض سربراہ ملاقات کرنے والے ہیں، جو اگلے ہفتے یورپی سربراہی اجلاس سے قبل ایک مشترکہ لائحہ عمل بنانے کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

زیہوفر نے جمعے کے روز کہا، ’’مجھے اپنی جماعت سی ایس یو کی پوری حمایت حاصل ہے اور اگر چانسلر میرکل سمجھتی ہیں کہ وزارت داخلہ اپنا کام درست انداز سے نہیں کر رہی، تو انہیں اتحادی حکومت ختم کر دینا چاہیے۔‘‘

ع ت/ ص ح