1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بارش مدد کو نہ پہنچی، پاکستان میچ ہار گیا

افسر اعوان29 جون 2015

کولمبو کے موسم کی پیش گوئی کے تناظر میں پاکستانی کرکٹ شائقین کو امید تھی کہ ٹیسٹ میچ کا آخری دن بارش کی نذر ہو جائے گا اور پاکستان شکست سے بچ جائے گا مگر ایسا ہو نہ سکا۔

https://p.dw.com/p/1FosV
تصویر: I. S. Kodikara/AFP/Getty Images

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ میزبان ٹیم نے سات وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہو گئی ہے۔ سری لنکا کے دورے پر پہنچی پاکستانی ٹیم نے گال میں کھیلا جانے والا سیریز کا پہلا میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

کولمبو کے پی سارا اوول گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹاس پاکستانی کپتان مصباح الحق نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب احمد شہزاد کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔ پاکستانی ٹیم سری لنکن بالرز کے لیے آسان شکار ثابت ہوئی اور انہوں نے 138 رنز کے مجموعی اسکور پر پوری پاکستانی ٹیم کو پویلین واپس بھیج دیا۔ احمد شہزاد 42 رنز کے ساتھ پاکستانی اننگز کے سب سے بڑے اسکورر تھے۔ سری لنکن بولر تھارنڈو کوشل نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ دھمیکا پرساد کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔

سری لنکن ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو لگتا یہی تھا کہ وہ پہلی ہی اننگز میں پاکستان کے سامنے ایک بہت بڑا اسکور کھڑا کرے گی کیونکہ 191 کے مجموعی اسکور تک سری لنکا کے صرف تین بیٹسمین آؤٹ ہوئے تھے۔ تاہم پاکستانی بالر یاسر شاہ نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ سری لنکن کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اس میچ میں پاکستانی امید کو سہارا دیا۔ پہلی اننگز میں سری لنکا کا مجموعی اسکور 315 رنز رہا۔

یاسر شاہ نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ سری لنکن کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا
یاسر شاہ نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ سری لنکن کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاتصویر: I. S. Kodikara/AFP/Getty Images

دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹمسینوں کی جانب سے نسبتاﹰ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ اظہر علی نے 117، احمد شہزاد نے 69 اور یونس خان نے 40 رنز بنائے اور پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 329 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تو سری لنکا کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف ملا۔

سری لنکا کو میچ کے چوتھے دن بارش کے سبب اپنی دوسری اننگز شروع کرنے کا موقع نہ مل سکا جس سے پاکستانی شائقین کی امیدیں جاگ اٹھیں کہ شاید یاسر شاہ دوسری اننگز میں اپنی بالنگ کا جادو دکھا سکیں اور میچ پاکستان کے نام ہو سکے۔ ان امیدوں کو موسم کی اس پیش گوئی سے بھی تقویت ملی کہ کولمبو میں ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز آج پیر کو بارش رہے گی۔ تاہم یہ پیش گوئی غلط ثابت ہوئی اور سری لنکن ٹیم نے محض تین وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا کر یہ میچ اپنے نام کر لیا۔

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ جمعہ تین جولائی سے شروع ہوگا۔ سری لنکا کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم، میزبان ملک کے خلاف پانچ ون ڈے اور دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے گی۔