باراک اوبامہ نے عراق سے امریکی افواج کی واپسی کے نظام الاوقات کا اعلان کردیا
28 فروری 2009صدر باراک اوباما نے امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں فوجیوں سے خطاب میں عراق سے امریکی افواج کے انخلاء کی ٹائم لائن مقرر کر دی ہے۔ باراک اوباما نےکہا، "میں بہت ہی سادہ لفظوں میں بتا رہا ہوں کہ اکتیس اگست دوہزار دس تک عراق میں ہمارا حربی مشن مکمل ہوجائے گا۔"
امریکی صدر کے مطابق عراقی سیکیورٹی فورسز کی تربیت کے لئے پچاس ہزار کے قریب فوجی 2011 ء کے آخر تک عراق میں ہی رہیں گے۔ عراق سے فوجی انخلاء کے نظام الاوقات کے حوالے سے رسمی اعلان کرتے ہوئے اوباما نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کا پورا خطّہ امریکی سفارت کاری کی توجہ کا مرکز ہے۔ اوباما کے نئے منصوبے کے تحت آئندہ انیس ماہ کے اندر اندر تقریباً ایک لاکھ امریکی فوجی عراق سے واپس بلائے جائیں گے۔
اس وقت عراق میں ایک لاکھ بیالیس ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں۔ سن 2003 میں سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے حکم پر عراق پر فوج کشی اور اسکے خلاف لڑی جانے والی اس جنگ میں اب تک تقریبا 4250 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ لاکھوں عراقی اس جنگ میں اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔
عراق اور امریکی حکومتوں کے مابین طے پانے والے معاہدے کے مطابق سن دو ہزار گیارہ تک امریکی فوجیوں کا عراق سے مکمل انخلاء ہونا ہے۔