1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی: مذاکرات شروع، کئی بڑے ملک غیر حاضر

مقبول ملک
28 مارچ 2017

ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی سے متعلق اقوام متحدہ کے مذاکرات شروع ہو گئے ہیں لیکن کئی بڑی ایٹمی طاقتیں ان میں شامل ہی نہیں۔ امریکا، روس اور چین جیسے ملکوں کا کہنا ہے کہ اس بارے میں بحث عملی طور پر سود مند ثابت نہیں ہو گی۔

https://p.dw.com/p/2a5V3
Atomtest auf dem Mururoa-Atolll 1971
تصویر: picture-alliance/dpa

امریکا میں نیو یارک سے منگل اٹھائیس مارچ کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق اس موضوع پر اقوام متحدہ کی سطح پر مذاکرات کل پیر کو شروع تو ہو گئے لیکن عالمی سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل رکن ملک، جو بڑی ایٹمی طاقتیں بھی ہیں، اور جوہری اسلحے کی مالک چند دیگر ریاستیں بھی اس مکالمت کا بائیکاٹ کیے ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی سطح پر جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے ایک نئے عالمی معاہدے کے حامی ملکوں کا کہنا ہے کہ ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کو قریب پچاس برس ہونے کو ہیں اور اب ایسے ہلاکت خیز ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ بھرپور طریقے سے کوششیں کی جانا چاہییں۔

ٹرمپ امریکی ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد میں اضافے کے خواہش مند

ایرانی ایٹمی ڈیل کی منسوخی ٹرمپ کی فاش غلطی ہو گی، جان برینن

شمالی کوریا: نئے ہتھیاروں کے مسلسل اتنے زیادہ تجربات کیوں؟

ان مذاکرات کے آغاز پر ہتھیاروں کے خاتمے کے شعبے کے نگران اقوام متحدہ کے نائب سیکرٹری جنرل کم وون سُو نے کہا، ’’جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی کوششوں میں بڑی پیش رفت کی ضرورت آج ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ یہ اس لیے بھی ضروری ہو چکا ہے کہ آج ایک طرف اگر بین الاقوامی سطح پر پائی جانے والی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف عوامی سطح پر جوہری ہتھیاروں کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرات سے متعلق عوامی شعور بھی قدرے کم ہو چکا ہے۔

UN-Botschafterin der USA Nikki Haley
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نِکی ہیلی جنرل اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/AP Images/S. Wenig

اقوام متحدہ کی سطح پر یہ مذاکرات کل پیر کے روز اس لیے شروع ہو سکے کہ گزشتہ برس اس عالمی ادارے کی جنرل اسمبلی کے ایک اجلاس میں 100 سے زائد ممالک نے اس حوالے سے ایک قرارداد کی حمایت کی تھی کہ جوہری ہتھیاروں کو ممنوع قرار دینے کے لیے مذاکرات شروع کیے جانا چاہییں۔ تب ان کوششوں میں آسٹریا، برازیل اور آئرلینڈ جیسے ممالک پیش پیش تھے۔

لیکن اب جب کہ نیو یارک میں اس موضوع پر مکالمت شروع ہو گئی ہے تو امریکا سمیت کئی ایٹمی طاقتیں یہ کہتے ہوئے اس بات چیت کا بائیکاٹ کر رہی ہیں کہ جوہری ہتھیاروں پر کوئی بھی پابندی مؤثر ثابت نہیں ہو گی۔

پاک بھارت تنازعہ: ایٹمی ہتھیاروں کے ’تعمیری‘ کردار کی امید

شمالی کوریا کا ایک اور کامیاب ایٹمی تجربہ، بین الاقوامی مذمت

امریکا، روس، چین اور کئی دیگر ممالک کا کہنا ہے کہ دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے بتدریج کمی کی سوچ پر عمل کرنا چاہیے۔ اس سلسلے میں ان مذاکرات میں امریکا کی عدم شمولیت کی وضاحت کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں امریکی خاتون سفیر نِکی ہیلی نے کہا، ’’ایک ماں اور ایک بیٹی کے طور پر میں اپنے خاندان کے لیے اس سے زیادہ کسی اور شے کی خواہش کر ہی نہیں سکتی کہ یہ دنیا ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہو۔ لیکن ہمیں بہرحال حقیقت پسندانہ رویہ اپنانا ہو گا۔‘‘

NO FLASH Symbolbild USA geben Zahl ihrer Atomsprengköpfe bekannt
ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت امریکا اپنے جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں 85 فیصد کمی کر چکا ہےتصویر: picture alliance/abaca

ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ نیو یارک میں کل جب یہ عالمی مذاکرات شروع ہوئے تو جنرل اسمبلی کے چیمبر کے باہر امریکا، برطانیہ، فرانس اور قریب 20 دوسری ریاستوں کے نمائندے وہاں اس لیے جمع ہوئے کہ اس مکالمت کے لیے اپنی مخالفت کا اظہار کر سکیں۔

امریکی سفیر نِکی ہیلی کے بقول اگر جوہری ہتھیاروں پر پابندی کا کوئی نیا عالمی معاہدہ طے پا گیا تو ہو گا یہ کہ وہ ریاستیں تو خود کو ایٹمی حوالے سے غیر مسلح کر لیں گی جو دنیا میں امن قائم کرتے ہوئے اسے محفوظ رکھنے کی کوششیں کر رہی ہیں جبکہ چند ’برے اداکار‘ اس معاہدے پر دستخطوں سے انکار کرتے ہوئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

امریکی سفیر ہیلی کے بقول تب شمالی کوریا جیسے ممالک نہ صرف خوش ہوں گے بلکہ وہ ممالک جو اپنے عوام کو محفوظ رکھنے کی کوششیں کر رہے ہیں، خطرات کا شکار ہو جائیں گے۔ نِکی ہیلی نے یہ بات بھی زور دے کر کہی کہ ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت امریکا اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد میں 85 فیصد کمی کر چکا ہے جبکہ برطانیہ بھی اپنے جوہری اسلحے کے حجم میں 50 فیصد کمی کر چکا ہے۔

نیو یارک میں ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کے جس نئے عالمی معاہدے کے بارے میں بات چیت شروع ہوئی ہے، وہ اگر طے پا بھی گیا، تو اس کا اطلاق صرف انہی ملکوں پر ہو گا جو اس کی توثیق کریں گے۔