اینڈی مرے نے فیڈرر کو بھی ہرادیا
16 اگست 2010برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے فائنل میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور سوئس کھلاڑی روجر فیڈرر کو سات پانچ اور سات پانچ سے شکست دی۔ اگرچہ بارش کی وجہ سے یہ میچ متاثر ہوا لیکن اینڈی مرے نے اپنا تسلسل برقرار رکھا اور جارحانہ گیم کا مظاہرہ کیا۔
تیئس سالہ مرے ایسے پانچویں کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے رافاعیل نادال اور روجر فیڈرر کو ایک ہی ایونٹ میں شکست دی ہو۔ اس سے قبل سیمی فائنل میں مرے نے ہسپانوی کھلاڑی نادال کو ہرایا تھا۔
ٹورانٹو ماسٹرٹائٹل کا دفاع کرنے ساتھ مرے، آندرے اگاسی کے بعد پہلے ایسے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، جس نے مسلسل دو بار یہ ٹائٹل جیتا ہو۔ اگاسی نے سن1995ء میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
دوسری طرفWTA ’سنساٹی اوپن‘ کے فائنل میں بیلجیم کی کِم کلائسٹر نے روسی کھلاڑی ماریا شاراپووا کو شکست دے کر یہ ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔ اتوار کے دن امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں کھیلے گئے اس میچ میں ستائیس سالہ کلائسٹر نے ایک ڈرامائی کھیل کے بعد تئیس سالہ شاراپووا کو دو چھ، سات چھ اور چھ دو سے ہرایا۔ خواتین کے سنگل مقابلوں میں کلائسٹر کی یہ 38 ویں کامیابی تھی۔
رپورٹ : عاطف بلوچ
ادارت : شادی خان سیف