1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایم پی تھری کے 20 برس

افسر اعوان22 جولائی 2015

انٹرنیٹ کی ایک ایجاد ایسی بھی ہے جیسے آپ تقریباﹰ روز ہی استعمال کرتے ہیں لیکن یہ سیلیکان ویلی کی بجائے جرمنی کی شمالی ریاست باویریا میں تخلیق کی گئی تھی۔ میوزک انڈسٹری میں انقلاب برپا کرنے والی یہ ایجاد ایم پی تھری ہے۔

https://p.dw.com/p/1G2ZJ
تصویر: picture-alliance/dpa

یہ ٹیکنالوجی دراصل میوزک یا آڈیو کا ایم پی تھری فارمیٹ ہے جو جرمنی کے فرانھوفر انسٹیٹیوٹ فار انٹیگریٹڈ سرکٹس (IIS) کے کمپیوٹر پروگرامرز نے 1990ء کی دہائی کے آغاز میں مرتب کیا تھا۔ اس کا مقصد دراصل آڈیو فائلز کے سائز میں اس حد تک کمی لانا تھا کہ انہیں ٹیلی فون لائنز کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جا سکے لیکن فائل کا سائز چھوٹا کرنے یا کمپریشن میں اس کی کوالٹی زیادہ متاثر نہ ہو۔

تاہم اس کمپریشن کو ایم پی تھری کا نام اب سے ٹھیک 20 برس قبل دیا گیا جو اس کے ٹیکنیکل نام کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہے جو 'ISO Standard IS 11172-3 MPEG Audio Layer 3' ہے۔ ان جرمن پروگرامرز کے تیار کردہ کمپریشن کے اس طریقے میں فائل کا سائز اس کے اصل سائز سے کئی گنا کم ہو جاتا ہے اور وہ قبل ازیں موجود فارمیٹس کے مقابلے میں ڈسک پر بہت کم جگہ گھیرتی ہے۔ اس طرح آپ آئی پوڈ، اسمارٹ فون یا کمپیوٹر ہارڈ ڈسک پر کہیں زیادہ تعداد میں میوزک رکھ سکتے ہیں۔ اسی فارمیٹ کی بدولت روایتی کیسٹ اور میوزک سی ڈیز اب ماضی کا قصہ بنتی جا رہی ہیں۔

ایم پی تھری کمپریشن ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے الیکٹریکل انجینیئر اور ماہر ریاضی کارل ہائنز برانڈنبرگ کے مطابق، ’’یہ ہر سائنسدان کا خواب ہوتا ہے کہ وہ کوئی ایسی چیز تیار کرے جو انسانیت کے لیے فائدہ مند ہو۔‘‘ اس ٹیکنالوجی کی تیاری میں برانڈنبرگ کے ساتھ ان کے ساتھی ہارالڈ پوپ اور بیرنہارڈ گرِل بھی شامل تھے۔

اس وقت ہم ڈیجیٹل ریڈیو اور اس کے لاکھوں صارفین کا خواب دیکھ رہے تھے، کارل ہائنز برانڈنبرگ
اس وقت ہم ڈیجیٹل ریڈیو اور اس کے لاکھوں صارفین کا خواب دیکھ رہے تھے، کارل ہائنز برانڈنبرگتصویر: DW/H. Kiesel

ان کا مزید کہنا تھا، ’’اس وقت ہم ڈیجیٹل ریڈیو اور اس کے لاکھوں صارفین کا خواب دیکھ رہے تھے۔ لیکن اس وقت اربوں ڈیوائسز اس فارمیٹ کو استعمال کر رہی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ہمارے خواب سے بھی یہ تعداد کہیں آگے بڑھ چکی ہے۔‘‘

تاہم ایسا نہیں ہے کہ ایم پی تھری فارمیٹ کو شروع ہی سے مقبولیت مل گئی تھی بلکہ ابتداء میں اس فارمیٹ کی کامیابی کو مشکوک سمجھا گیا۔ پہلا ایم پی تھری پلیئر تو 1998ء میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا مگر اس ٹیکنالوجی کو شہرت معروف امریکی کمپنی ایپل کی طرف سے اپنا آئی پوڈ 2001ء میں متعارف کرانے کے بعد ملی۔ اب آئی پوڈ بھی عہدہ رفتہ کی بات بنتا جا رہا ہے اور ایم پی تھری گانوں کا سب سے زیادہ استعمال اسمارٹ فونز میں ہو رہا ہے۔