1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا وبحرالکاہل کے ممالک غربت کے خلاف کامیاب ہو سکتے ہیں، اقوام متحدہ

21 ستمبر 2010

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک اپنی ترقی کی سالانہ شرح نمو کو غربت میں کمی کی کوششوں میں مثبت انداز میں استعمال کر کے پائیدارکامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/PHqH
تصویر: AP

اس کے ساتھ ہی 2015ء تک صحت اور تعلیم کے معیار کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ یہ رپورٹ نیویارک میں ہزاریہ ترقیاتی اہداف کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سربراہی اجلاس کے پہلے روز پیر کو جاری کی گئی ہے۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ کی نائب سیکریٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے ایشیا اور بحرالکاہل UNESCAPکی سربراہ نوئلین ہئزیر کا کہنا ہے، ’مالیاتی بحران کے بعد، غربت میں کمی اور ہزاریہ اہداف کا حصول ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک میں ترقیاتی حکمت عملی کا مرکز ہونا چاہئے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ پائیدار عالمی شرح نمو اور ایشیا میں علاقائی طلب کو مستحکم بنانے کے لئے وہاں کے عوام کو غربت سے نکالنا ناگزیر ہے۔

اس رپورٹ کو ’ہزاریہ ترقیاتی اہداف 2015ء کے راستے، ایشیا اور بحرالکاہل میں ترجیحات‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں آٹھ اہداف کے حصول کے لئے خطے کی صورت حال بیان کی گئی ہے اور آئندہ پانچ سال میں ان کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔ UNESCAP نے یہ رپورٹ ایشیائی ترقیاتی بینک اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے تعاون سے مرتب کی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین