1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران یورپ پر سینکڑوں میزائل برسا سکتا ہے:گیٹس

18 جون 2010

امریکی وزیردفاع نے ملکی خفیہ اداروں کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران مستقبل میں یورپ پر سینکڑوں میزائل برسانے کی صلاحیت حاصل کرسکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/Nwpk
تصویر: AP/ DW-Montage

گزشتہ برس ستمبر میں ایران کی طرف سے میزائل حملے کے بڑھتے ہوئے خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے امریکہ نے نیٹو اتحاد میں شامل اپنے یورپی دوست ممالک کے تحفظ کے لئے سمندر اور زمین پر میزائل نظام کی تنصیب اور اس کو مربوط کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ اس طریقہء کار کو ایسے حملوں سے بچاؤ کے لئے مرحلہ وار اپروچ کا نام دیا گیا تھا۔

رابرٹ گیٹس نے کانگریس کے سامنے دئے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس فیصلے کے پیچھے کارفرما خفیہ اطلاعات میں سے ایک یہ بھی تھی کہ ایران اگر یورپ پر میزائل حملہ کرتا ہے تو یہ ایک دو میزائل نہیں ہونگے، بلکہ یہ میزائلوں کی باڑ ہوگی۔ گیٹس کے مطابق تہران کی طرف سے ممکنہ طور پر داغے جانے والے ان میزائلوں کی تعداد سینکڑوں میں بھی ہوسکتی ہے۔

Robert Gates Washington USA
رابرٹ گیٹس کے مطابق سال 2020ء تک اس نظام کی تنصیب سے ایران اور شمالی کوریا کے ممکنہ میزائل حملوں کے علاوہ دیگر خطرات کا بھی بروقت تدارک کیا جاسکے گا۔تصویر: AP

امریکی وزیر دفاع نے اس امید کا اظہار کیا کہ تیاری کے مراحل میں موجود میزائل حملوں کو روکنے والے نظام کو مزید بہتر کرکے امریکہ یورپ میں موجود اپنے فوجی اڈوں اور دیگر تنصیبات کے علاوہ اپنے یورپی دوست ممالک کی حفاظت زیادہ مؤثر طریقے سے کرسکے گا۔

رابرٹ گیٹس کے مطابق سال 2020ء تک اس نظام کی تنصیب اس لئے بھی اہم ہے کہ اس سے نہ صرف ایران اور شمالی کوریا کے ممکنہ میزائل حملوں سے بچا جاسکے گا بلکہ کسی اور خطرہ کا بھی بروقت تدارک کیا جاسکے گا۔ خاص طور پر اس صورت میں کہ اگر عالمی برادری ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنے میں ناکام ہوجائے۔

دوسری طرف ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی جانب سے جمعہ کو جاری کئے جانے والے ایک بیان میں اقوام متحدہ کی طرف سے ایران کے خلاف نئی پابندیوں کو ’’غیرقانونی‘‘ اور ’’بے بنیاد‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ جمعہ کی نماز میں پڑھ کر سنائے جانے والے اس بیان میں سپریم کونسل کی جانب سے ان پابندیوں کی ذمہ داری امریکہ پر عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی نفی کرتی ہیں، لہذا انہیں فوری طور پر ہٹایا جائے۔

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرم میں مداخلت غیر قانونی ہے، لہذا فوری طور پر اس غلطی کا ازالہ کرتے ہوئے درست اقدامات اٹھائے جائیں۔

رپورٹ: افسر اعوان/خبر رساں ادارے

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں