1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ، خصوصی تقریبات کا انعقاد

عاطف بلوچ، روئٹرز
11 فروری 2018

ایران میں اسلامی انقلاب کی انتالیسیوں سالگرہ کے موقع پر اتوار کے دن دارالحکومت تہران میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ایرانی فورسز نے عسکری سازوسامان کی نمائش بھی کی۔

https://p.dw.com/p/2sTf4
Hassan Rohani - iranische Präsident, am Jahrestag der islamischen Revolution.
تصویر: MIZAN/H. Ataei

خبر رساں ادارے روئٹرز نے میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ گیارہ فروری بروز اتوار تہران کے آزادی اسکوائر میں ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ایران میں اسلامی انقلاب کے انتالیس برس مکمل ہونے پر خوشیاں منائی گئیں۔ اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی عوام کو متحد رہنا چاہیے۔

ایف سولہ شامی میزائل سے تباہ ہوا، اسرائیلی اہلکار

حجاب کی خلاف ورزی، دو درجن سے زائد ایرانی خواتین گرفتار

حکومت مخالف مظاہرے ختم ہو گئے ہیں، پاسدارانِ انقلاب

ایران میں احتجاجی مظاہروں کی موبائل ویڈیو

یہ تقریب ایک ایسے وقت پر منعقد کی گئی ہے، جب کچھ ہفتے قبل ہی ایرانی عوام نے حکومت مخالف مظاہروں میں ریاستی پالیسیوں میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے ان مظاہروں کا براہ راست تذکرہ کیے بغیر کہا وہ چاہتے ہیں کہ اس اسلامی انقلاب کا چالیسواں برس اتحاد کے ساتھ گزارا جائے۔ ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’میں مطالبہ کرتا ہوں کہ قدامت پسند، اصلاحات پسند اوردیگر تمام پارٹیاں اور گروہ متحد ہو جائیں۔‘‘

اس موقع پر حسن روحانی نے ہفتے کے دن شام میں ہوئے اس اسرائیلی حملے کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا، جس میں اسرائیلی فضائیہ نے شورش زدہ ملک شام میں کارروائی کرتے ہوئے ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔ تاہم روحانی کا کہنا تھا، ’’وہ (امریکا اوراسرائیل) خطے میں تناؤ پیدا کرنا چاہتے تھے۔ وہ عراق اورشام کو منقسم کرنا چاہتے  تھے اور وہ لبنان میں طویل المدتی بنیادوں پر شورش برپا کرنا چاہتے تھے۔ لیکن ہماری وجہ سے ان کی یہ پالیسیاں ناکام ہو گئی ہیں۔

اتوار کے دن انہی تقریبات کے سلسلے میں ایران فوج نے تہران کی ولی العصر اسٹریٹ پرعسکری سازوسامان کی نمائش بھی کی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایران کا ’قدر بیلسٹک میزائل‘ بھی وہاں رکھا گیا۔ یہ میزائل دو ہزار کلو میٹردور تک مارکرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ملک کی اکیاسی ملین آبادی میں سے لوگوں کی بڑی تعداد نے اتوار کے دن خوشیاں منائیں۔

ایران میں گیارہ فروری سن 1979 کو آیت اللہ خمینی نے عوامی طاقت سے امریکی حمایت یافتہ رضا شاہ پہلوی کی بادشاہت کا خاتمہ کیا تھا۔ رضا شاہ پہلوی کو دوبارہ وطن واپس آنا نصیب نہیں ہوا اور وہ جلاوطنی میں رحلت پا گئے تھے۔ تب سے ایران میں ہر برس گیارہ فروری کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ منائی جاتی ہے۔

اس دن ملک بھر کے مختلف شہروں میں سرکاری اورغیر سرکاری طور پر ایسے ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ تاہم مرکزی تقریب دارالحکومت تہران میں منائی جاتی ہے، جس میں صدر اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے علاوہ ہزاروں شہری بھی شریک ہوتے ہیں۔