1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ایران عرب دنیا کے بحرانوں کے حل میں رکاوٹ ہے‘

عابد حسین
23 ستمبر 2017

متحدہ عرب امارات نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عرب دنیا کے بحرانوں کو حل ہونے نہیں دیتا۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ تہران حکومت دہشت گرد گروپوں کی حمایت بھی کرتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2kZBg
Außenminister Vereinigte Arabische Emirate Al Nahyan
تصویر: picture-alliance/dpa

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النہیان نے کہا ہے کہ ایران عرب دنیا کے ملکوں عراق، شام، یمن، لبنان، سعودی عرب، بحرین اور کویت کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ النہیان کے مطابق ایران ان عرب ملکوں کے اندر دہشت گردی میں ملوث گروپوں اور اُن کے مختلف سیلز کی عملی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے دہشت گرد گروپوں میں شام میں حکومتی فوج کے ساتھ لڑائی میں شریک لبنان کی حزب اللہ اور یمن میں سرگرم حوثی ملیشیا اہم ہیں۔

ایران سعودی عرب کا شکرگزار

قطر اور ايران کے سفارتی تعلقات کی بحالی

توہین مذہب کے قوانین، دنیا میں پھیلتے ہوئے

طاقتور شیعہ رہنما کا سنی خلیجی ممالک کا دورہ کیا رنگ لاے گا؟

اماراتی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے وزارتی سطح کے سالانہ اجلاس میں تقریر کرتے ہوئےکہا کہ ایران عرب دنیا میں پائے جانے والے بحران کا ناجائز فائدہ بھی اٹھاتا ہے اور ملکی حاکمیت و خود مختاری کے مسلمہ اصولوں کی خلاف ورزی کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس تقریر میں اماراتی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ایران علاقائی سلامتی کو نظرانداز کرتے ہوئے بحرانی صورت حال کو مزید بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

Parade Militär Rakete Iran
ایران نے دور مار میزائل کا تجربہ تیئیس ستمبر کو کیا ہےتصویر: picture-alliance/abaca/F.Bahrami

خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کے مطابق ایران کی جارحانہ اور توسیع پسندی کی پالیسیوں نے عرب دنیا کے تمام بحرانوں کو ناقابلِ حل بنا کر رکھ دیا ہے۔ خلیجی ریاست کے وزیر نے ایران پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے سے باز نہیں آتا۔

قطر کا بحران: کون کس کے ساتھ ہے؟

انہوں نے ایران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تہران حکومت تمام عرب ممالک کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے مساویانہ تعلقات کو آگے بڑھائے۔ النہیان نے ایران سے یہ بھی کہا کہ وہ خطے کی تمام ریاستوں کی جغرافیائی خود مختاری کا بھی احترام بھی کرے۔

اس تقریر میں اماراتی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اُن کا اصولی اور واضح فیصلہ ہے کہ بحرانی صورت حال کے حل کے لیے کسی بھی متبادل کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اُن کی ریاست دہشت گردی کے خلاف اصولوں کی بنیاد پر کھڑی ہے اور ایسے افعال میں ملوث تمام افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ اس موقع پر عبداللہ بن زید النہیان نے قطری بحران پر بھی اظہار خیال کیا۔