1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی ميں نئی حکومت کی تشکیل

عاصم سلیم23 فروری 2014

اطالوی شہر فلورنس کے سابق ميئر ماتیو رینزی نے بطور ملکی وزير اعظم حلف اٹھا ليا ہے۔ دريں اثناء ايسے خدشات بھی عام ہيں کہ نئی حکومت ملک کو درپيش چيلنجز سے نمٹنے کے ليے سياسی طور پر قدرے نا تجربہ کار ہے۔

https://p.dw.com/p/1BDz1
رينزی وزير اعظم کا منصب سنبھالنے والے اٹلی کی تاريخ کے کم عمر ترين شخص بن گئے ہيںتصویر: Reuters

انتاليس سالہ ماتیو رینزی نے اپنی سولہ رکنی کابينہ کے ہمراہ ہفتہ بائيس فروری کے روز دارالحکومت روم کے صدارتی محل ميں منعقدہ ايک تقريب ميں حلف اٹھايا۔ يوں رينزی وزير اعظم کا منصب سنبھالنے والے اٹلی کی تاريخ کے کم عمر ترين شخص بن گئے ہيں۔ ان کی کابينہ ميں شامل وزراء ميں نصف تعداد خواتين وزراء کی ہے جبکہ کابينہ کی اوسط عمر اڑتاليس برس سے بھی کم ہے۔ يہ اٹلی کی تاريخ کی کم عمر ترين حکومت ہے۔

Italien Machtkampf Regierung
سابق وزير اعظم اينريکو ليٹا نے پارٹی کے مطالبے پر حال ہی ميں استعفی دے ديا تھاتصویر: Reuters

ملکی صدر جورجيو ناپوليتانو سے حلف اٹھانے کے بعد ماتيو رينزی نے مائکرو بلاگنگ ويب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ايک پيغام ميں لکھا، ’’يہ ايک مشکل کام ہے ليکن ہم اٹلی ہيں، ہم کامياب ہو جائيں گے۔ اپنے آپ سے سچا، آزاد اور سادہ رہنے کا وعدہ۔‘‘حلف برداری کی تقريب کے بعد رينزی نے کابينہ کا اجلاس طلب کيا، جس کے بعد توقع ہے کہ نو منتخب وزير اعظم پير کے روز ملکی پارليمان کے ايوان بالا ميں اپنے پروگرام کا اعلان کريں گے جبکہ منگل کو وہ ايوان زيريں سے خطاب کرنے والے ہيں۔

ماتیو رینزی کا تعلق بھی اسی ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے، جس سے سابق وزیر اعظم اینریکو لیٹا تعلق رکھتے ہیں۔ لیکن لیٹا کے برعکس رینزی اس پارٹی کے سربراہ ہیں۔ ان کی تقرری اس ليے عمل ميں آئی کيونکہ ملک کو درپيش چيلنجز کے تناظر ميں سياسی اصلاحات کرنے سے قاصر رہنے کے سبب سابق وزير اعظم اينريکو ليٹا نے پارٹی کے مطالبے پر حال ہی ميں استعفی دے ديا تھا۔

اٹلی سے تعلق رکھنے والے سياسی مبصر ماريو کالابريسی نے نئی حکومت کے قدرے کم عمر ہونے کے بارے ميں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ رينزی نئی توانائی سے بھرپور قيادت کے ساتھ ’سٹہ‘ کھيل رہے ہيں تاہم اس حوالے سے شکوک و شبہات اٹھنے چاہييں کہ آيا حکومت کا تجربہ اس قابل ہے کہ وہ ملک کو جنگ کے بعد کے اپنے بد ترين اقتصادی بحران سے نکال سکے۔

اٹلی ان دنوں اقتصادی بد حالی کو بدلنے کی کوششوں ميں ہے جبکہ سرکاری قرضوں کی سطح بھی مجموعی قومی پيداوار کے 130 فيصد تک پہنچ چکی ہے۔ ملک ميں بے روزگاری کی مجموعی سطح ريکارڈ 12.7 فيصد پر ہے جبکہ نوجوانوں ميں يہ شرح 41.6 فيصد تک پہنچ چکی ہے۔