1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اولمپکس کے ليے مہاجرين کی ٹيم، کھلاڑی منتخب کر ليے گئے

عاصم سليم4 جون 2016

سن 2016 ميں ہونے والے ريو اولمپکس کے ليے دس ايتھليٹس پر مشتمل مہاجرين کی ٹيم کا اعلان کر ديا گيا ہے۔ اولمپک کھيلوں ميں شرکت کے ليے مہاجرين کی يہ پہلی باقاعدہ ٹيم ہے۔

https://p.dw.com/p/1J0bY
تصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Dana

انٹرنيشنل اولمپک کميٹی (IOC) نے اولمپک کھيلوں ميں شرکت کے ليے منتخب کی جانے والی پہلی ٹيم کے ارکان کے ناموں کا اعلان تين جون کے روز کر ديا ہے۔ اس دس رکنی ٹيم ميں جنوبی سوڈان کے پانچ، شام کے دو، کانگو کے بھی دو اور ايتھوپيا کا ايک کھلاڑی شامل ہیں۔ يہ ايتھليٹس ’ٹريک اينڈ فيلڈ‘ نامی کھيل کے علاوہ جوڈو کراٹے اور سوئمنگ کے مقابلوں ميں شرکت کريں گے۔

انٹرنيشنل اولمپک کميٹی کے صدر تھوماس باخ نے رپورٹروں کو بتايا کہ ان مہاجرين کا نہ تو کوئی گھر ہے، نہ کوئی پرچم اور نہ ہی کوئی قومی ترانہ۔ باخ کے بقول اس ٹيم کے ارکان کی رہائش کا انتظام اولمپکس وليج ميں کيا جائے گا۔ انہوں نے مزيد کہا، ’’مہاجرين کی اولمپک کھيلوں ميں شرکت دنيا بھر ميں تمام مہاجرين کے ليے اميد کی کرن ثابت ہو گی اور عالمی برادری کو بھی يہ اشارہ مل سکے گا کہ مہاجرين ہمارے ہی جيسے انسان ہيں اور يہ معاشرے کو بہتر بنا سکتے ہيں۔‘‘

مہاجرين کی يہ ٹيم اولمپک کھيلوں کے پرچم تلے، اولمپک کھيلوں کے ترانے کی گونج پر ميدان ميں ميزبان ملک برازيل کی ٹيم سے بھی پہلے ميدان ميں اترے گی۔ تاہم ايتھليٹس کو تمام ضروری طبی معائنوں سے گزرنا ہو گا۔ مہاجرين کی ٹيم کے تمام تر اخراجات انٹرنيشنل اولمپک کميٹی اٹھائے گی۔ اقوام متحدہ کے ہائی کميشن برائے مہاجرين (UNHCR) کے سربراہ فيليپو گراندی نے اس ٹيم کو خراج تحسين پيش کرتے ہوئے کہا کہ ٹيم ان تمام افراد کے ليے جرات اور ہمت کی مثال ہے، جو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہيں۔

اٹھارہ سالہ شامی يسریٰ ماردينی ان دنوں جرمن دارالحکومت برلن ميں اپنی ٹريننگ ميں مصروف ہے
اٹھارہ سالہ شامی يسریٰ ماردينی ان دنوں جرمن دارالحکومت برلن ميں اپنی ٹريننگ ميں مصروف ہےتصویر: picture-alliance/dpa/R. Schlesinger

اٹھارہ سالہ شامی يسریٰ ماردينی ان دنوں جرمن دارالحکومت برلن ميں اپنی ٹريننگ ميں مصروف ہے۔ وہ اولمپک مقابلوں کے ليے چنے جانے پر کافی پر مسرت ہے۔ يسریٰ اور اس کی بڑی بہن سارا، قريب ايک برس پہلے سياسی پناہ کے ليے جرمنی پہنچی تھيں۔ ترکی سے يونان تک کے خطرناک سمندری سفر کا کچھ حصہ ان دونوں بہنوں نے تير کر عبور کيا تھا کيونکہ ان کی کشتی ميں پانی بھر گیا تھا۔

اولمپک کھيلوں کے ليے مہاجرين کی ٹيم کی قيادت کينيا کی ٹيگلا لوروپے کريں گی، جو طويل دوڑ کے متعدد مقابلوں ميں عالمی ريکارڈ يافتہ کھلاڑی ہيں۔ وہ نيو يارک سٹی ميراتھن جيتنے والی پہلی افريقی امريکی خاتون ہيں اور اس کے علاوہ مہاجرين ايتھليٹس کی مدد کے ليے ايک فاؤنڈيشن بھی چلاتی ہيں۔