1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما ہیلتھ کیئر لاء: سپریم کورٹ سماعت کے لیے تیار

15 نومبر 2011

امریکی سپریم کورٹ صحت کی سہولتوں کے لیے اوباما انتظامیہ کے قانون سے متعلق اپیلوں کی سماعت پر تیار ہو گئی ہے۔ رواں برس ستمبر سے ہی عدالت عظمیٰ کی جانب سے اس فیصلے کی توقع کی جا رہی تھی۔

https://p.dw.com/p/13AYZ
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: dapd

سپریم کورٹ کے ججوں نے پیر کو مختصر فیصلے میں ہیلتھ کیئر لاء کے بارے میں اپیلوں کی سماعت کو منظور کیا۔ اس قانونی جنگ کا مرکزی پہلو یہ ہے کہ تمام امریکی شہریوں کے لیے دوہزار چودہ تک ہیلتھ انشورنس کو لازمی قرار دے کر امریکی کانگریس نے اپنے اختیارات سے تجاوز تو نہیں کیا۔

کانگریس کے اس فیصلے کے مطابق دوہزار چودہ تک ہیلتھ انشورنس حاصل نہ کرنے والے شہریوں کو جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے قانونی ماہرین اور پالیسی تجزیہ کاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ عدالت میں ہیلتھ کیئر پر فیصلہ بہت مشکل ہو سکتا ہے، جس کے نو ارکان میں سے پانچ قدامت پسند اور چار لبرل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے معتدل قدامت پسند جسٹس انتھونی کینیڈی اہم ہیں، جن کا ووٹ اکثر فیصلہ کُن ثابت ہوتا ہے۔

امریکہ کی چھبیس ریاستیں اپنے اپنے طور پر نئے ہیلتھ کیئر لاء کو ختم کرنے کی درخواست کر چکی ہیں۔ اس قانون کا مقصد امریکہ کے تین کروڑ سے زائد ان شہریوں کو میڈیکل کوریج فراہم کرنا ہے، جو ہیلتھ انشورنس نہیں رکھتے۔

NO FLASH Hurrikan Irene
امریکہ کے تین کروڑ سے زائد شہری ہیلتھ انشورنس نہیں رکھتےتصویر: dapd

سپریم کورٹ اس قانون کے مستقبل پر فیصلہ آئندہ برس جولائی میں دے گی۔ ایسے وقت میں فیصلہ آنے پر ہیلتھ کیئر کا معاملہ صدارتی انتخابات کی مہم میں مرکزی حیثیت اختیار کر جائے گا۔

ملکی سطح پر یہ قانون امریکی صدر باراک اوباما کی ایک اہم کامیابی ہے۔ وہ نومبر دو ہزار بارہ کے انتخابات میں جیت کے ذریعے آئندہ مدت کے لیے بھی صدر بننا چاہتے ہیں۔ روئٹرز کے مطابق جولائی میں سپریم کورٹ کا فیصلہ اس قانون کے خلاف گیا تو یہ اوباما کے لیے قانونی اور سیاسی طور پر بہت بڑا دھچکا ثابت ہو گا۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق امریکی عوام اس معاملے پر بڑی حد تقسیم ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل / روئٹرز

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں