1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما کی اعلیٰ یورپی رہنماؤں سے ملاقات

عاطف بلوچ25 اپریل 2016

امریکی صدر باراک اوباما آج جرمن شہر ہینوور میں یورپی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں امریکا اور یورپی یونین کے مابین ایک اہم مجوزہ تجارتی معاہدے پر گفتگو کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Ic1m
Barack Obama Angela Merkel Hannover Messe
امریکی صدر یورپی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں یورپ کو درپیش مہاجریین کے بحران پر بھی تبادلہ خیال کریں گےتصویر: Getty Images/A. Körner

خبر رساں ادارے اے پی نے بتایا ہے کہ امریکی صدر اور دیگر اعلیٰ امریکی اہلکار پچیس اپریل بروز پیر اپنے یورپی اتحادیوں کے سے اہم مذاکرات کر رہے ہیں۔ اوباما اپنے دور روزہ دورہ جرمنی کے آخری دن مجوزہ ٹرانس اٹلانٹک ٹریڈ ڈیل پر یورپی رہنماؤں کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل، فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ، برطانوی وزیر ڈیوڈ کیمرون اور اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی ہینوور میں آج بروز پیر امریکی صدر اوباما سے مذاکرات کریں گے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس دوران اوباما کی کوشش ہو گی کہ وہ اس مجوزہ ڈیل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے یورپی رہنماؤں کا اعتماد حاصل کر لیں۔

اوباما اور یورپی رہنماؤں کے مابین یہ اعلیٰ سطحی مذاکرات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں، جب شام اور عراق میں فعال انتہا پسند گروہ داعش نے گزشتہ ماہ ہونے والے برسلز حملوں کی ذمہ داری قبول کیا ہوا ہے۔ اندازہ ہے کہ ان مذاکرات میں داعش کے خلاف ایک مشترکہ اور مربوط حکمت عملی پر اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی۔

وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ امریکی صدر باراک اوباما نے شام کے لیے مزید ڈھائی سو فوجی روانہ کرنے کی اہم دستاویز پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق وہ دورہ جرمنی کے دوران اس بارے میں اعلان کر سکتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ امریکی فوجی شام میں فعال اعتدال پسند باغیوں کی جہادیوں کے خلاف کارروائی میں تعاون فراہم کریں گے۔ یوں شام میں عسکری کارروائیوں میں شریک امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد تین سو ہو جائے گی۔ گزشتہ روز ہی اوباما نے کہا تھا کہ وہ شام میں زمینی فوجی تعینات نہیں کریں گے۔

Deutschland Eröffnungsrundgang Hannover-Messe Merkel Obama
اتوار کے دن اوباما نے ہینوور صنعتی میلے کا افتتاح کیا تھاتصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

اطلاعات ہیں کہ امریکی صدر یورپی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں یورپ کو درپیش مہاجریین کے بحران پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں مشرقی یوکرائن کا تنازعہ اور لیبیا کی موجودہ صورتحال کے اور یمن کے بحران پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

اتوار کے دن اوباما نے ہینوور صنعتی میلے کا افتتاح کیا تھا۔ بعد ازاں وہ آج بروز پیر جرمن چانسلر کے ہمراہ ایک مرتبہ بھی اس اہم میلے میں شرکت لیے گئے۔ اوباما کے ہمراہ ایک تجارتی وفد بھی ہے، جو یورپی کمپنیوں کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کی کوششوں میں ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید