1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انیل کمبلے نے بھارتی ٹیم کے کوچ کا عہدہ چھوڑ دیا

William Yang/ بینش جاوید ٓAP, RT
20 جون 2017

سابق بھارتی کپتان انیل کمبلے نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب دو روز قبل ہی بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپیئنر ٹرافی کے فائنل میں پاکستان سے بُری طرح ہار گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/2f3yY
Indien Cricket Trainer Anil Kumble
تصویر: Getty Images/AFP/M. Kiran

بھارتی کرکٹ بورڈ ’’BCCI‘‘ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے بطور ہیڈ کوچ ان کے عہدے میں توسیع کی توثیق کر دی تھی، مگر مسٹر انیل کمبلے نے کوچ نہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق انیل کمبلے کا ایک برس دورانیے کا معاہدہ چیمپیئنز ٹرافی کے اختتام پر ختم ہو گیا۔ کمبلے نے بطور کوچ اپنی خدمات جاری نہ رکھنے کا فیصلہ ایسے وقت پر بھی کیا ہے جب بھارت کی کرکٹ ٹیم جمعہ 23 جون سے ویسٹ انڈیز کے دورے کا آغاز کر رہی ہے۔ اپنے اس دورے کے دوران بھارتی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ایک روزہ جبکہ ایک ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔

اتوار 18 جون کو لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستانی ٹیم نے بھارتی ٹیم کو 180 رنز سے شکست دے دی تھی۔ گروپ مرحلے میں پاکستان کو بُری طرح شکست سے دوچار کرنے والے بھارتی ٹیم کے لیے یہ ہار شرمندگی کا باعث بنی اور ملک بھر میں اس پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

Anil Kumble
46 سالہ انیل کُمبلے نے گزشتہ برس جون میں بھارتی ٹیم کے ہیڈکوچ کا عہدہ سنبھالا تھاتصویر: AP

46 سالہ انیل کُمبلے نے گزشتہ برس جون میں بھارتی ٹیم کے ہیڈکوچ کا عہدہ سنبھالا تھا اور ایک برس کے دوران بھارتی ٹیم کا ریکارڈ انتہائی شاندار رہا۔ اس عرصے میں بھارت نے مجموعی طور پر 17 ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں سے محض ایک میں بھارتی ٹیم کو شکست ہوئی۔

انیل کمبلے کے اس فیصلے سے قبل ایسی رپورٹس بھی تھیں کہ ان کے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ تعلقات تناؤ کا شکار تھے۔