1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈر سیونٹین فٹ بال ورلڈ کپ کا سیمی فائنل مرحلہ

12 نومبر 2009

نائجیریا میں کھیلا جانے والا سترہ سال سے کم عم فٹ بال کھلاڑیوں کا ورلڈ کپ اب آخری مرحلے کے قریب یے۔ اِس ورلڈ کپ کے دو سیمی فائنل میچ جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔ فائنل پندرہ نومبر کو ہوگا۔

https://p.dw.com/p/KUKf
تصویر: Confederation of African Football

افریقی ملک نائجیریا میں فٹ بال کے نگران ادارے فیفا کا انڈر سیونٹین ورلڈ کپ سیمی فائنل اسٹیج میں پہنچ گیا ہے۔ کوارٹر فائنل مرحلے پر دلچسپ اور زوردار میچ شائقین نے دیکھے۔ جمعرات کے سیمی فائنل مقابلوں میں میزبان اور دفاعی چیمپیئن نائجیریا کا مقابلہ یورپی ملک اسپین کے سترہ سال سے کم عمر کھلاڑیوں کی ٹیم سے ہوگا۔

دوسرے سیمی فائنل میں کولمبیا اور سوئٹزر لینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ دونوں میچ نائجیریا کے سب سے بڑے شہر لاگوس میں کھیلے جائیں گے۔

سوئٹزر لینڈ کی ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں جرمن ٹیم کے ساتھ سخت مقابلہ کرنا پڑا۔ یہ میچ جرمنی کے نوجوان کھلاڑیوں نے ایک زبردست مقابلے کے بعد ہارا۔ اضافی وقت میں ایک پنالٹی شارٹ کے فیصلے سے جرمنی نے میچ میں شکست کھائی۔

ایک سو بیس منٹ کے طویل میچ میں جرمن انڈر سیونٹین ٹیم تین کے مقابلے میں چار گول سے ہاری۔ کوارٹر فائنل میں سوئٹزر لینڈ کی ٹیم نے اٹلی کو نوے منٹ کے میچ میں ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ وقفے پر یہ میچ ایک ایک گول سے برابر تھا۔

13. WM-Stadion vor dem Reichstag Direkt vor dem Reichstagsgebäude sollen während der Zeit der WM 10.000 Zuschauer in der "adidas world of football", einem Nachbau des Berliner Olympiastadions
فائنل اتوار کو کھیلا جائے گاتصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

ایک اور کوارٹر فائنل مرحلے میں ترکی اور کولمیبا کا میچ انتہائی کانٹے دار رہا۔ یہ میچ اضافی وقت میں فیصلے کے بغیر رہا۔ دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کے ساتھ برابر کھیلتی رہیں۔ وقفے پر ترکی کی ٹیم ایک گول سے جیت رہی تھی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں کولمبیا کی ٹیم میچ برابر رکھنے میں کامیاب رہی۔ پھر یہ میچ طوالت اختیار کر گیا۔ آخر کار میچ میں پنالٹی شارٹس لگائی گئیں اور کولمبیا نے تین کے مقابلے میں پانچ پنالٹی شارٹس کو گول پوسٹ میں ڈال کر سیمی فائنل میں جگہ حاصل کی۔

کو لمبیا کے نوجوان فٹ بالر نے پری کوارٹر فائنل مرحلے پر ارجنٹائن کی مضبوط ٹیم کو ہرایا تھا۔ اب کولمبیا کی ٹیم کو سیمی فائنل میں سوئٹزر لینڈ کی ٹیم کا سامنا ہے جو دفاع اور جارحانہ کھیل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

یورپی ملک اسپین اور یوراگوئے کے درمیان میچ انتہائی زوردار انداز میں کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ وقفے پر اِن کا میچ ایک ایک گول سے برابر تھا۔ دوسرے ہاف میں سپین اور یوراگوئے کی ٹیموں نے گول کرنے اور گول برابر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ جب میچ مقررہ وقت ختم ہوا تو دونوں ٹیموں کا اسکور تین تین گول تھا۔ اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں تیس منٹ مزید کھیلیں لیکن کوئی گول میچ کو فیصلہ کن نہ بنا سکا۔

پنالٹی ککس پر یہ میچ اسپین نے دو کے مقابلے میں چار شارٹس کو گول میں تبدیل کرنے پر جیت لیا۔ پری کوارٹر فائنل مرحلے پر اسپین نے فرانس کو اور یوراگوئے کی ٹیم نے ایرانی انڈر سیونٹین ٹیم کو شکست دی تھی۔

میزبان اور دفاعی چیمپیئن نائجیریا کی ٹیم نے جو جارحانہ کھیل پری کوارٹر فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پیش کیا تھا، جب اُس نے مخالف ٹیم کو پانچ گول سے شکست دی تھی۔ اُسی کا تسلسل نائجیریا کی ٹیم نےکوارٹر فائنل میں بھی پیش کیا۔ نائجیریا کے نوجوان فٹ بالر نے کوریا کی ٹیم کو کوارٹر فائنل مقابلے میں ایک کے مقابلے میں تین گولوں سے ہرایا۔ وقفے پر نائجیریا اور کوریائی ٹیم کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر تھا۔ سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن نائجیریا کو یورپ کی مضبوط ٹیم اسپین کا سامنا ہے۔ اِس میچ میں ہسپانوی انڈر سیونٹین کھلاڑیوں کو لاگوس کے ہزاروں شائقین کے شور کو برداشت کر کے بڑی ہمت اور محنت سے میچ کھیلنا ہوگا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل