1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انٹرپول کو جسٹن بِیبر کی گرفتاری کا حکم

مقبول ملک11 اپریل 2015

ارجنٹائن کے ایک جج نے بین الاقوامی پولیس انٹرپول سے کہا ہے کہ وہ ایک نائٹ کلب کے باہر ایک فوٹوگرافر پر حملے کے الزام میں نوجوان کینیڈین پاپ سٹار جسٹن بِیبر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔

https://p.dw.com/p/1F6GO
تصویر: Getty Images

بیونس آئرس سے آمدہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق عدالتی ذرائع نے بتایا کہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے اس وقت 21 سالہ میگا اسٹار پر الزام ہے کہ وہ 2013ء میں ایک پریس فوٹوگرافر پر جسمانی حملے کا مرتکب ہوا تھا۔ اس سلسلے میں عدالت نے گزشتہ برس نومبر میں بین الاقوامی شہرت کے حامل اس گلوکار کو حکم دیا تھا کہ وہ اپنے خلاف الزامات میں اپنے دفاع کے لیے عدالت میں پیش ہوں۔

جسٹن بِیبر نے عدالت کا یہ حکم نظر انداز کر دیا تھا۔ اس پر بیونس آئرس کی ایک عدالت نے انٹرپول کو حکم دیا ہے کہ جسٹن بِیبر دنیا میں جہاں کہیں بھی ہوں، انہیں گرفتار کیا جائے۔ جج البیرٹو بانوس کی خاتون سیکرٹری نے جمعہ 10 اپریل کی شام اے ایف پی کو بتایا، ’’انٹرپول سے درخواست کر دی گئی ہے کہ وہ اس کینیڈین شہری کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کر دے۔ گرفتاری کا حکم اس لیے دیا گیا ہے کہ ملزم اپنے دفاع کے لیے عدالت میں پیش نہیں ہوا۔‘‘

Justin Bieber und kleiner Fan
جسٹن بِیبر کی فین ایک نوجوان لڑکی ان کا پوسٹر اٹھائے ہوئےتصویر: ROBYN BECK/AFP/Getty Images

عدالتی ترجمان کے مطابق اپنی طلبی کے بعد 60 دنوں تک بِیبر اس عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر آٹھ اپریل کو انٹرپول سے ان کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کرنے کے لیے کہہ دیا گیا۔ انٹرپول ایک بین الاقوامی پولیس ادارہ ہے، جس کی رکن ریاستوں کی تعداد 190 ہے۔ یہ ادارہ تکنیکی طور پر خود کسی ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کرتا بلکہ اس کی طرف سے جاری کردہ ’ریڈ نوٹس‘ پر رکن ملکوں کی پولیس اپنے اپنے طور پر کسی بھی مطلوب ملزم کی تلاش شروع کر دیتی ہے۔ گرفتاری کی صورت میں ملزم اس ملک کے حوالے کر دیا جاتا ہے، جس نے ریڈ نوٹس کے لیے درخواست دی ہو۔

بِیبر کے خلاف یہ مقدمہ دو سال قبل پیش آنے والے ایک واقعے کی وجہ سے دائر کیا گیا تھا، جب انہوں نے اپنے Believe نامی ٹور کے دوران بیونس آئرس میں قیام کیا تھا۔ تب بِیبر کے ایک باڈی گارڈ نے اس اسٹار گلوکار کے حکم پر ڈِیگو پَیسوآ نامی ایک فوٹوگرافر کی پٹائی کر دی تھی اور اس کا کیمرہ اور موبائل فون چھین کر توڑ دیے تھے۔ یہ واقعہ بیونس آئرس کے پرتعیش علاقے پالیرمو میں ایک مشہور نائٹ کلب کے باہر پیش آیا تھا۔ یہ دورہ جسٹن بِیبر کا آج تک کا ارجنٹائن کا پہلا اور آخری دورہ تھا۔ اسی دورے کے دوران بِیبر کو ان کے رویے کی وجہ سے ایک ہوٹل سے بھی نکال دیا گیا تھا۔

بِیبر کینیڈا کے شہری ہیں لیکن وہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں رہتے ہیں۔ انہیں کینیڈا میں بھی ایک لیموزین ٹیکسی کے ڈرائیور پر حملے کے سلسلے میں اپنے خلاف عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کیلیفورنیا میں انہیں اپنے ایک ہمسائے کے گھر پر انڈے پھینکنے کے الزام میں گزشتہ برس دو سال کی معطل سزائے قید بھی سنائی گئی تھی۔