1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انجلینا جولی کنگ فو پانڈا کے ساتھ کن میں

13 مئی 2011

کن فلم فیسٹیول اپنی تمام تر رنگینیوں کے ساتھ جاری ہے۔ ہالی وُڈ ایکٹریس انجلینا جولی اپنی فلم ’کَنگ فو پانڈا ٹو‘ کی پروموشن کے لیے وہاں موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے یہ فلم تو ان کے اپنے گھر میں بھی ہِٹ ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/11F8N
انجلینا جولی اور بریڈ پٹتصویر: AP

انہوں نے جمعرات کو کن میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ فلم ان کے بچوں کو بھی بہت پسند آئی ہے۔ پینتیس سالہ جولی اپنے چھ بچوں اور پارٹنر بریڈ پِٹ کے ساتھ کن فلم فیسٹیول میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا، ’میں یہ فلم دکھانے کے لیے اپنے بچوں کو بھی ساتھ لائی ہوں اور انہیں یہ بہت پسند آئی ہے۔ میں سوچ رہی ہوںب کہ کیا وہ اس فلم کے بارے میں مجھ سے سوال بھی کریں گے۔‘

’کَنگ فو پانڈا ٹو‘ ایک کامیاب اینیمیٹڈ فلم ہے، جس میں انجلینا جولی نے شیرنی کا کردار نبھایا ہے، یا یوں کہیے کہ شیرنی کے کردار کے لیے اپنی آواز دی ہے۔ یہ 2008ء کی کنگ فو پانڈا کا دوسرا حصہ ہے۔ پارٹ ٹو میں بھی پانڈا کے لیے جیک بلیک نے اپنی آواز دی ہے۔

جولی نے تین بچے گود لے رکھے ہیں۔ اس تناظر میں انہوں نے کہا کہ گود لیے ہوئے اور وہ بچے جنہیں انہوں نے جنم دیا، ان کے گھر میں ہیں اور یہ سب بہت پرمسرت ہے۔ دراصل ان کی اس فلم میں دکھائے گئے پانڈا کو بھی گود لیا جاتا ہے۔

کنگ فو فلموں کے بارے میں جولی نے کہا، ’پہلی فلم میں یہ دکھایا گیا تھا کہ چاہے آپ کیسے دکھائی دیں، کیسا محسوس کریں اور چاہے کہیں سے آئے ہوں، جو چاہیں بن سکتے ہیں۔ نئی فلم کی کہانی خاندان کے گرد گھومتی ہے۔ اس کا تعلق اس بات سے ہے کہ آپ اپنی نوعمری میں کیسے بھی حالات سے گزرے ہوں، آپ زندگی میں جیسا بننا چاہیں، بن سکتے ہیں۔‘

جولی نے مزید کہا، ’میں ہمیشہ ہی مضبوط کرداروں کی جانب مائل رہی ہوں۔ میں جذباتی اور جسمانی طور پر مضبوط شخصیت کی مالک ان خواتین کو پسند کرتی ہوں، جو کسی مقصد کے لیے لڑ رہی ہوں۔ مجھ میں انصاف اور ناانصافی کی حِس ہے۔ یہ محض ایسا نہیں کہ مضبوط بننے کی کوشش کی جائے بلکہ اس سے کچھ زیادہ ہے۔‘

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد