’انتخاب عالم اور عاقب جاوید معافی مانگیں‘
23 مئی 2010۔ اکمل کے بقول یہ دونوں سابق کوچز ان سے معافی مانگیں اور دورہ ء آسٹریلیا سے متعلق ان پر سٹے بازی میں ملوث ہونے کے الزامات واپس لیں۔کراچی میں خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات چیت میں اکمل کا کہنا تھا کہ وہ ان الزامات سے شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
٫٫میں چاہتا ہوں یہ لوگ معافی مانگیں، میں کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے اس ضمن میں بات کروں گا کیوں کہ لوگ کرکٹ بورڈ ہی کے ملازم ہیں اور اگر انہوں نے بھی کچھ نہ کیا تو میں عدالت میں جاؤں گا‘‘۔
کرکٹ کے انتظامی امور دیکھنی والی تنظیم بین الاقوامی کرکٹ کاؤنسل بھی پاکستان کے دورہ ء آسٹریلیا کی تحقیقات کا اعلان کرچکی ہے۔ دسمبر تا فروری آسٹریلیا نے پاکستان کو اس سیریز کے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں وائٹ واش کردیا تھا۔ اکمل کےکردار پر اس لئے شک کیا جارہا ہے کیوں کہ انہوں نے سڈنی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی کی ممکنہ جیت کو کسی حد تک ہار میں تبدیل کردیا تھا۔ اس میچ میں اکمل سے تین کیچ چھوٹے اور انہوں نے ایک رن آؤٹ کا موقع بھی گنوادیا تھا۔ اگرچہ عاقب جاوید اور انتخاب عالم نے کرکٹ بورڈ کی انکوائری کمیٹی کے سامنے اکمل پر الزامات علیحدگی میں لگائے تھے تاہم اس کی ویڈیو بعد میں منظر عام پر آنے سے بات پھیلی۔
اکمل کا البتہ مؤقف ہے کہ ٫٫ اگر یہ لوگ جان بوجھ کر مجھ پر بری کارکردگی دکھانے کے الزامات لگا ہی رہے تھے جو پھر مجھے ہر میچ میں کیوں کھلاتے تھے‘‘
خیال رہے کہ عاقب جاوید اور انتخاب عالم کوچنگ کے عہدے سے برطرف کردئے گئے ہیں تاہم انہیں کرکٹ اکیڈمی میں اچھے عہدے دئے گئے ہیں۔ پاکستانی قانون ساز کرکٹ بورڈ کی کارکردگی پر حالیہ دنوں میں کڑی تنقید کرچکے ہیں۔ اس ضمن میں پیر کو بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ، سابق کپتان یونس خان، سابق کوچ انتخاب عالم اور سابق مینیجر عبدال رقیب پارلیمان کی کمیٹی کے سامنے سٹے بازی سے متعلق الزامات کے تناظر میں اپنے بیانات ریکارڈ کرائیں گے۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : عدنان اسحاق