1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی میڈیکل انشورنس پروگرام قبل از وقت دیوالیہ ہو جائے گا

6 جون 2018

امریکا کے سب سے بڑے میڈیکل انشورنس پروگرام کے لیے اندازوں سے پہلے ہی سرمایہ ختم ہو جائے گا۔ اسی طرح ریٹائرڈ امریکی شہریوں کے لیے مرکزی ویلفیئر پروگرام کو بھی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/2z1UU
USA Symbolbild Medicare
تصویر: picture-alliance/Golden Pixels LLC

امریکی وزارت خزانہ کے اہلکاروں نے تصدیق کی ہے کہ ٹیکس کی مد میں ہونے والی کٹوتیوں کے بعد ہیلتھ کیئر کے جاری دونوں پروگراموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لیکن وزیر خزانہ سٹیو منوچِن کے مطابق بہتر شرح پیداوار سے جاری ہیلتھ کیئر کے پروگرام طویل مدت کے لیے دیوالیہ پن سے بچ سکتے ہیں۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق میڈیکل کیئر کا ٹرسٹ فنڈ ممکنہ طور پر سن دو ہزار چھبیس میں ہی دیوالیہ ہو سکتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تقریباﹰ ساٹھ ملین امریکی شہریوں کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی گئی ہے اور ان میں سے زیادہ تر افراد کی عمریں پینسٹھ برس سے زائد ہیں۔ اسی طرح ریٹائرڈ امریکی شہریوں کے لیے مرکزی ویلفئر پروگرام اور سوشل سکیورٹی سسٹم کو بھی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔

Medicare USA
تصویر: Getty Images/J. Sullivan

منگل کے روز جاری کی گئی ایک دوسری رپورٹ کے مطابق امریکا کا یہ مرکزی پروگرام بھی سن بیس ہزار چونتیس میں دیوالیہ ہو جائے گا۔ امریکا میں تقریبا پینتالیس ملین ریٹائرڈ  اور چھ ملین دیگر افراد سوشل سکیورٹی کے نظام سے مستفید ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچِن نے یقین دہانی کروائی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے ان دونوں بڑے مرکزی امریکی پروگراموں کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا جائے گا۔

 ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس حوالے سے ’طویل المدتی بنیاد پر مسائل‘ موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’ان پروگراموں کو محفوظ رکھا جائے گا۔ انتظامیہ کے معاشی ایجنڈے، بچتی ٹیکسوں، اصلاحات اور بہتر تجارتی معاہدوں سے طویل المدتی معاشی ترقی ہو گی، جن کی مدد سے ان پروگراموں کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔‘‘

ہیلتھ انشورنس سے محروم امریکی اور ہسپتالوں کا رویہ

ان دو امریکی پروگراموں کو امریکا میں بڑھتے ہوئے عمر رسیدہ افراد کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا ہے۔ بوڑھے افراد زیادہ بیمار رہتے ہیں اور اس طرح صحت سے متعلق اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی طرح ماضی میں امریکا میں آنے والے ’بےبی بوم‘ کے نتیجے میں آئندہ چند برسوں کے دوران بڑی تعداد میں امریکی شہری ریٹائرڈ ہوں گے۔

امریکا کا سالانہ مالیاتی خسارہ اور قرضوں کا بوجھ انتہائی زیادہ بڑھ چکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان فلاحی بہبود کے پروگراموں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ اب امریکی قانون کے تحت وائٹ ہاؤس انتظامیہ کو کانگریس میں یہ بتانا ہوگا کہ وہ طویل المدتی بنیادوں پر کس طرح ان دو پروگراموں کو دیوالیہ ہونے سے بچائیں گے۔ 

ا ا / ص ح