1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی فوجی اڈے کے خلاف جاپانیوں کا مظاہرہ

26 اپریل 2010

جاپان میں قائم امریکی فوجی اڈے کے خلاف ہزاروں افراد نے ایک مظاہرے میں شرکت کی۔ یہ مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ امریکی اڈے کو کہیں اور منتقل کیا جائے۔ یہ مظاہرہ اوکی ناوا جزیرے کے اڈے کے خلاف کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/N63J
تصویر: AP

اوکی ناوا جزیرے پر امریکی فوجی اڈے کے خلاف جاپانیوں میں ناپسندیدگی کی لہر پائی جاتی ہے۔ تازہ مظاہرہ بھی اسی ناپسندیدگی کی ایک کڑی تھا۔ اس کے شرکاء وزیر اعظم یوکیو ہاتویاما سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ اپنے انتخابی وعدے پر عمل کرتے ہوئے امریکی فوجی اڈے کو کہیں باہر منتقل کرنے کا حتمی اعلان کریں۔

اتوار کے مظاہرے کی وجہ فوجی اڈے کی نئے مقام پر منتقلی کے حوالے سے نئی عمارتوں کی تعمیر کا ۔ فیصلہ ہے۔ مظاہرے کے شرکاء امریکی فوجی اڈے کی بیرون جاپان جلد منتقلی کا زور دار انداز میں مطالبہ کر رہے تھے۔ ان مظاہرین نے اُس پلان کو بھی مسترد کر دیا، جس کے تحت امریکی فوجی اڈے کو جزیرے کے ایک کم گنجان حصے پر منتقل کرنے کا معاہدہ ہو چکا ہے۔ اس مظاہرے میں کم از کم ایک لاکھ افراد شریک تھے۔ اوکی ناوا کے گورنر کے علاوہ مختلف شہروں اور قصبوں کے 41 میئر بھی اس بڑے مظاہرے میں شریک تھے۔

کیوڈو خبر رساں ایجنسی کے مطابق اوکی ناوا کے فوتنما فوجی بیس کی منتقلی کے حوالے سے جزیرے کے گورنر ہیروکازُو ناکائمہ کا بھی کہنا ہے کہ گنووان شہر کے بیچوں بیچ امریکی میرین کے بیس کی موجودگی کی اب مزید اجازت دینا مشکل ہو گیا ہے۔ گورنر کا اپنی صوبائی کابینہ کے حوالے سے یہ بھی کہنا تھا کہ کچھ وزراء اس بابت نرم گوشہ ضرور رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے وُزراء کہتے ہیں کہ فوتنما کی ہوائی پٹی کو بدستور رکھا جائے البتہ بقیہ میرین کسی اور جگہ منتقل کر دئے جائیں لیکن وہ یعنی گورنر اس کے بھی مخالف ہیں۔

Tausende Japaner demonstrieren gegen US-Militärstützpunkte Flash-Galerie
اوکی ناوا: امریکی اڈے کے خلاف گزشتہ سال کا مظاہرہ، فائل فوٹوتصویر: dpa/pa

سن 2009ء میں انتخابات کے دوران موجودہ حکمران، ڈیموکریٹ پارٹی نے اوکی ناوا کے ووٹرز سے واضح انداز میں وعدہ کیا تھا کہ اُن کی حکومت کے قیام کے بعد فوتنما فوجی مرکز کو ختم کر دیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے اس معاملے کے حوالے سے کہا ہے کہ اگلے مہینے مئی کے آخر تک اس تنازعے کا حتمی حل تلاش کر لیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کو واضح طور اس حوالے سے پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ جاپان عالمی سیاست میں امریکی اتحادی ہے۔

جنوری میں اوکی ناوا جزیرے کے شہر ناگو کے ساحلی علاقے میں واقع کیمپ شواب کے فوجی مرکز میں ہوائی پٹی کی تعمیر کی مخالفت پر ایک امیدوار سوسومُو اِنامینےکو شہر کے میئر کا انتخاب جیتنے میں آسانی ہوئی تھی۔ ناگو میں شہر کی اسمبلی نے مارچ میں امریکی فوجی اڈے کو ختم کرنے کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔ ناگو کے میئر اِنامینے نے امریکی فوجی اڈوں کے حوالے سے مرکزی حکومت کی جاری پالیسی کو تضاد بیانی قرار دیا ہے۔

اوکی ناوا کا جزیرہ سٹرٹییجک بنیادوں پر امریکہ کو بہت عزیز ہے۔ یہاں ابتدائی فوجی مرکز دوسری عالمی جنگ کے بعد قائم کیا گیا تھا۔ اسی جزیرے پر دوسری عالمی جنگ کے دوران انتہائی خونی جنگ لڑی گئی تھی۔ یہ جزیرہ چین، تا‌ئیوان اور کوریائی خطے کے قریب واقع ہے۔ سن 2006ء کے امریکہ جاپان معاہدے کے تحت فوتنما فوجی مرکز کو سمندر سے حاصل کی گئی زمین پر منتقل کرنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔ یہ فوجی مرکز پہلے سے قائم کیمپ شواب کے ارد گرد تعمیر کیا جانا ہے اور اس کی مخالفت مقامی آبادی کی جانب سے مسلسل کی جا رہی ہے۔ اوکی ناوا جزیر ے پر تیس مختلف امریکی فوجی مراکز قائم ہیں، جن میں سینتالیس ہزار سے زائد امریکی موجود ہیں۔ اس جزیرے کے کل رقبے میں سے بیس فی صد پر امریکی فوجی مراکز پھیلے ہوئے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی