1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم کی ملاقات

عابد حسین19 مئی 2009

اسرائیل میں ینجمن نیتن یاہو کی قیادت میں بننے والی دائیں بازو کی حکومت کوسن دو ہزار تین میں پیش کئے جانے والےامن کے روڈ میپ اور پھر اناپولس مشرق وسطیٰ کانفرنس کے تناظر میں عالمی دباؤ کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/Ht1V
وائٹ ہاؤس ، واشنگٹن میں امریکی صدر اور اسرائیلی وزیر اعظمتصویر: AP

امریکی دارالحکومت میں امریکی صدرباراک اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات میں اِس امر پر زور دیا کہ امن مذاکرات میں مثبت پیش رفت کے لئے ایک علیحدہ فلسطینی ریاست کی تشکیل اور نئی یہودی بستیوں کی تعمیر روکنا اہم ہے۔ امریکی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں یقین ہے کہ یہ صرف فلسطینیوں کے مفاد میں نہیں بلکہ اسرائیلیوں کے حق میں بھی ہے۔امریکہ اور عالمی برادری اِس مسئلے کا حل دو ریاستوں کے اندردیکھتی ہے تا کہ اسرائیلی اور فلسطینی دو علیحدہ علیحدہ ریاستوں میں امن و سلامتی کے ساتھ رہ سکیں۔

Netanjahu sucht zweite Chance im Weißen Haus
بینجمن نیتن یاہو اور باراک اوباما کی ایک فائل تصویرتصویر: picture-alliance/ dpa

دونوں لیڈروں کی پہلی ملاقات میں امن مذاکرات کے دوبارہ شروع کرنے کے علاوہ ایران کے جوہری پروگرام پربھی توجہ مرکوز کی گئی۔ اوباما نے بات چیت کے معطل عمل کے تناظر میں بینجمن نیتن یاہو پر واضح کیا کہ وہ امن کوششوں کا احیاء چاہتے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم جو فلسطینی حکام کے ساتھ مذاکرات میں سخت مؤقف کے حامی ہیں، انہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ فوراً بات چیت شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اِس عمل میں دوسری عرب ریاستوں کو بھی شریک کرنا چاہتے ہیں۔ نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ وہ فلسطین پر حکمرانی کی خواہش نہیں رکھتے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ امن کے ساتھ رہتے ہوئے فلسطینی اپنے علاقے کو خود کنٹرول کریں۔ اِس ملاقات میں یہ امر بھی اہم ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے دو ریاستی نظریے کی کھُل کر حمایت نہیں کی ہے۔

اِس ملاقات میں امریکی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم پر یہ بھی واضح کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اسرائیل کچھ مشکل اقدامات کرے کیونکہ روڈ میپ اور اناپولس کانفرنس میں یہ واضح ہے اور نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کے معاملے کو حل کرنا ضروری ہے۔ اِن کی تعمیر کو روکنا امن کوششوں کو آگے بڑھانے کے لئے ضروری ہے۔

امریکی صدر نے ملاقات میں امکاناً نئی بستیوں کی تعمیر کو روکنے کا حوالہ اُن رپورٹس کے پس منظر میں دیا ہو گا جن کے مطابق اسرائیلی حکومت تیرہ برسوں بعد دوبارہ نئی یہودی بستیوں کی تعمیر شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اِس سلسلے میں تعمیری کمپنیوں کی جانب سے ٹنڈر بھی طلب کر لئے گئے ہیں۔ فلسطینی شدت سے نئی بستیوں کی تعمیر کی مخالفت کر رہے ہیں۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے بھی کہا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم سے دو ریاستی حل پر واضح مؤقف کے متمنی ہیں۔

محمود عباس اِس ماہ کی اٹھائیس اور مصری صدر حسنی مبارک چھبیس مئی کو امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔