1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدارتی الیکشن کی مہم: کلنٹن اور ٹرمپ فتح مند

عابد حسین21 فروری 2016

امریکی ریاستوں نیواڈا اور جنوبی کیرولینا میں صدارتی الیکشن کے لیے پارٹی نامزدگی کے حصول کے لیے الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔ ری پبلکن پارٹی کے ٹرمپ کو جنوبی کیرولینا اور ڈیموکریٹک پارٹی کی ہلیری کلنٹن نیواڈا میں کامیاب رہیں۔

https://p.dw.com/p/1HzJl
تصویر: Reuters/M. Segar

رواں برس کے صدارتی الیکشن کے لیے بیس فروری کے روز ری پبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کی نامزدگی کے لیے الیکشن جنوبی کیرولینا اور نیواڈا کی ریاستوں میں ہوئے۔ ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کو جنوبی کیرولینا میں کامیابی حاصل ہوئی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی ہلیری کلنٹن نے اپنے حریف برنی سینڈرز کو نیواڈا ریاست میں شکست دی۔ ان کامیابیوں سے کلنٹن اور ٹرمپ نے اپنی پوزیشنوں کو بہتر بنایا ہے۔ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں البتہ انہیں مارکو روبیو کی غیرمعمولی کارکردگی اور بتدریج بڑھتی مقبولیت کا سامنا ہے۔

ٹرمپ کو جنوبی کیرولینا میں اپنے مخالف امیدواروں مارکو روبیو اور ٹیڈ کروز پر بھاری سبقت سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ جنوبی کیرولینا میں کامیابی سے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست کے پچاس میں سے چوالیس ووٹ حاصل ہوں گے اور اب تک کے پارٹی الیکشن میں انہیں اکسٹھ ووٹ حاصل ہو چکے ہیں۔ اب تک اُن کے حریف ٹیڈ کروز کو گیارہ اور مارکو روبیو کو دس ووٹ ملے ہیں۔ ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے 1237 ریاستی ووٹ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔

مبصرین کے مطابق نیواڈا میں ہلیری کلنٹن کی کامیابی سے ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈران کو بھی سکون ملا ہو گا اور سابقہ وزیر خارجہ کی انتخابی مہم کو بھی تقویت حاصل ہوئی ہے۔ ستائیس فروری کو ڈیموکریٹک پارٹی کی پرائمری جنوبی کیرولینا میں ہو گی۔ اِس ریاست میں رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق کلنٹن کو بھاری کامیابی ملنے کا امکان ہے۔ جنوبی کیرولینا کے سیاہ فام ووٹرز کھل کر کلنٹن کی حمایت کر رہے ہیں۔ نیواڈا میں انہیں باون فیصد سے زائد ووٹ ملے ہیں۔ اُن کے حریف برنی سینڈرز کو سینتالیس فیصد سے زائد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔

USA Vorwahl Republikaner in South Carolina - Ausstieg Jeb Bush
جَیب بُش اپنی انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئےتصویر: Reuters/R. Hill

جنوبی کیرولینا کے پارٹی الیکشن سابق امریکی صدر جورج بُش کے بھائی جَیب بُش کے لیے اچھی خبر کے حامل نہیں تھے۔ وہ جنوبی کیرولینا پرائمری میں چوتھی پوزیشن پر رہے۔ اب تک ہونے والے تین پارٹی الیکشن میں بہتر کارکردگی دکھانے سے وہ قاصر رہے۔ گزشتہ رات کی شکست کے بعد انہوں نے اپنی صدارتی مہم کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اِس طرح جَیب بُش صدارتی مہم سے باہر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی مہم حتم کرنے کے اعلان میں کہا کہ آئیووا، نیو ہیمپشائر اور جنوبی کیرولینا کے عوام نے اپنی رائے دی ہے اور وہ اُس کا احترام کرتے ہیں۔ ایسے اندازے لگائے گئے ہیں کہ جَیب بُش کا صدارتی مہم سے باہر ہونے کا براہِ راست فائدہ فلوریڈا کے سینیٹر مارکو روبیو کو ہو گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید