1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی سنگر جِم موریسن کے لئے بعدازمرگ ’معافی‘

9 نومبر 2010

امریکی گلوکار جِم موریسن کے لئے بعدازمرگ معافی کا راستہ ہموار ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ راک لیجنڈ کو 41 برس قبل سرعام برہنگی کے الزامات کا سامنا رہا ہے۔ اب حکام کا کہنا ہے کہ انہیں بعداز مرگ معافی مل سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/Q2JX
تصویر: AP

جم موریسن 41 برس قبل ایک کنسرٹ کے بعد نشے کی حالت میں سرعام برہنہ ہو گئے تھے، جس پر ان کے خلاف مقدمہ بنا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فلوریڈا کے گورنر چارلی کرسٹ کو موریسن کے لئے رحم کی اپیل نو دسمبر تک داخل کرنا ہوگی جبکہ وہ خود آئندہ جنوری میں گورنر کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

رواں برس کے دوران رحم کی اپیل کی سماعت کے لئے یہ آخری تاریخ ہے، جس کے ذریعے اس لیڈ سنگر کو غیراخلاقی حرکت میں ملوث ہونے کے مقدمے سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔

فلوریڈا میں گورنر کرسٹ کے نائب پریس سیکریٹری کرس کیٹ نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’گورنر رحم کی اپیل پر غور کر رہے ہیں۔’

واضح رہے کہ چارلی کرسٹ نے قبل ازیں لِزرڈ کنگ جِم موریسن کے لئے معافی کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کا عندیہ دیا تھا۔ ان کے لئے بعد از مرگ رحم کی اپیل چار رکنی کمیٹی کو صرف فلوریڈا کے گورنر کی جانب سے پیش کی جا سکتی ہے، جس کے ارکان میں گورنر کے ساتھ ساتھ ریاستی چیف فنانشل آفیسر، اٹارنی جنرل اور زرعی کمشنر شامل ہیں۔ اس اپیل کی منظوری اکثریتی ووٹوں سے عمل میں آئے گی۔

Friedhof Père Lachaise in Paris
پیرس میں جِم موریسن کی آخری آرام گاہ

موریسن جولائی 1971ء میں انتقال کر گئے تھے۔ اس وقت ان کی عمر 27 برس تھی۔ ان پر سرعام ہنگی، معاشرتی اقدار کی خلاف ورزی اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا الزام تھا، جن کا ارتکاب انہوں نے 1969ء میں میامی کے جنوب میں کوکونٹ گرو میں ایک کنسرٹ کے بعد اس وقت کیا، جب وہ نشے میں تھے۔

اس مقدمے کے حوالے سے موریسن کو ان کی زندگی میں ہی سزا سنا دی گئی تھی، جس کے خلاف انہوں نے اپیل بھی کی تھی۔ اس کے باوجود انہیں سزائے قید سے بچنے کے لے زرضمانت ادا کرنا پڑا تھا۔ تاہم موریسن کو پھر بھی خدشہ تھا کہ انہیں جیل بھیجا جا سکتا ہے، جس کی بناء پر وہ پیرس چلے گئے، جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔

اے ایف پی کے مطابق بعض لوگوں کا دعویٰ ہے کہ وہ بہت زیادہ نشہ کرنے کے باعث ایک نائٹ کلب کے ٹوائلٹ میں چل بسے تھے جبکہ کچھ لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ انہیں منشیات کے باعث دل کا دورہ پڑا اور وہ گھر پر باتھ ٹب میں انتقال کر گئے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان