امریکی انتخابات اور پاکستانی بک میکرز
4 نومبر 2008اطلاعات کے مطابق اس الیکشن کی کوریج کرنے کے لیے خصوصی طورپرلیاقت آباد ٹاؤن ، گلبرگ ٹاؤن، صدر ٹاؤن کے مختلف علاقوں اور کلفٹن ٹاؤن میں فلیٹ اورمکانات کرائے پر لیے گئے ہیں جہاں پرٹیلیفون کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں اوربڑی بڑی LCD اسکرینیں بھی لگائی گئی ہیں۔ یہاں بیٹھ کر سٹے باز الیکشن کی کوریج دیکھیں گے اوربڑی بڑی رقوم داؤ پرلگائیں گے۔ ذرائع نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ ان ’بک میکرز‘ کے پرانے ٹھکانوں سے پولیس بھی واقف ہے۔ امریکی صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹک پارٹی کے نامزدامیدوار باراک اوباما اورری پبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار جان مککین کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
ذرائع کے مطابق سٹے بازوں نے اس وقت کروڑوں روپے باراک اوباما پر لگائے ہوئے ہیں اور Book-makers کے مطابق باراک اوباما اب تک ان الیکشنز کےفیورٹ امیدوار ہیں۔ ایک سٹے باز نے کہا: ’’اوباما پرجوبھاؤچل رہاہے وہ 70 پیسے ہے جبکہ جان میک کین پر یہ بھاؤایک روپے 30پیسے ہے۔‘‘
ذرائع کے مطابق سٹے بازوں نے75فیصد رقم اوباما کی جیت پر لگائی ہوئی ہے۔ اس الیکشن میں جوئے کے لیے بک میکروں نے انڈیا میں شرما گروپ اوردبئی میں فیصل اورمرچنٹ نامی بڑے سٹے بازوں سے رابطے کر رکھے ہیں۔ جہاں تمام رقوم ادا کی جائیں گی۔
بک میکر کی تلاش میں پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارنے شروع کر دئیے ہیں۔