1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی اضافی ٹیکس اتحادیوں کے خلاف پابندیوں کے مترادف، پوٹن

8 جون 2018

روسی صدر پوٹن نے یورپی اسٹیل پر اضافی محصولات کے امریکی فیصلے کو امریکا کے طویل المدتی اتحادیوں کے خلاف ’غیر منصفانہ پابندیاں‘ قرار دیا ہے۔ پوٹن نے یورپی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’میں نے تو پہلے ہی بتا دیا تھا‘۔

https://p.dw.com/p/2zA2Q
Russlands Präsident Putin bei TV-Show Direkter Draht
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Golovkin

روسی صدر نے اپنے سالانہ ٹی وی پروگرام میں اس مرتبہ امریکا کی جانب سے اپنے مغربی اتحادیوں پر اضافی محصولات عائد کیے جانے کے بارے میں گفتگو کی۔ اس ٹی وی پروگرام میں وہ ہر سال ٹیلی فون کے ذریعے پوچھے گئے عام لوگوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہیں۔

پوٹن نے اس دوران ملک کی طویل المدتی معاشی ترقی کے بارے میں بات کی، مستقبل قریب میں شام سے روسی فوجوں کی واپسی کے امکان کو مسترد کیا اور یوکرائن کو خبردار کیا کہ اگر اس نے فٹبال کے عالمی ورلڈ کپ کے دوران روس نواز گروہوں کے خلاف فوجی کارروائی کی تو اسے ’سخت نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی اضافی محصولات کے بارے میں پوٹن نے کیا کہا؟

روسی عوام کے سوالات کے جواب میں پوٹن نے بتایا کہ انہوں نے سن 2007 ہی میں یورپی رہنماؤں کو خبردار کر دیا تھا کہ امریکا ایسا کر سکتا ہے، تاہم اس وقت پوٹن کے بقول امریکا کے یورپی اتحادیوں نے ان کی بات کو نظرانداز کر دیا تھا۔

پوٹن کا کہنا تھا، ’’میرا خیال ہے کہ ہمارے پارٹنرز یہ سمجھ بیٹھے تھے کہ بے وجہ پابندیاں عائد کیے جانے کی سیاست سے وہ متاثر نہیں ہوں گے۔ لیکن اب ہم دیکھتے ہیں کہ ایسا ہو رہا ہے۔‘‘

یورپی رہنماؤں سے طنزیہ انداز میں مخاطب ہوتے ہوئے پوٹن کا کہنا تھا، ’’کوئی بات نہیں سننا چاہتا تھا اور نہ ہی اسے روکنے کے لیے کسی نے اقدامات کیے۔ لیکن اب دیکھیے، آپ بھی نشانہ بنے۔ رات کا کھانا تیار ہے۔۔۔ اب بیٹھیے اور کھائیے۔‘‘

کیا تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ہے؟

روسی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کا بیلاسٹک میزائلوں سے متعلق معاہدے سے انخلا در اصل اسٹریٹیجک برابری ختم کرنے کی کوشش ہے۔ تاہم پوٹن کا کہنا تھا کہ اس کا جواب بھی دیں گے اور ان کے خیال میں اس امریکی اقدام سے دوسرے ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر رضامند ہو پائیں گے۔

تاہم انہوں نے تیسری عالمی جنگ کے خطرے کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا، ’’یہ معلوم ہونا کہ تیسری عالمی جنگ انسانی تہذیب کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے، ہمیں عالمی سطح پر ایسے انتہائی اقدامات کرنے سے باز رکھتی ہے جو جدید انسانی تہذیب کے لیے انتہائی خطرناک ہیں۔‘‘

ش ح/ ا ب ا (روئٹرز، ڈی پی اے، اے پی)