1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا، صدارتی انتخابات کی مہم میں مزید تیزی

4 نومبر 2012

چھ نومبر کے امریکی صدارتی انتخابات سے قبل صدر باراک اوباما اور ان کے حریف مٹ رومنی اپنی اپنی انتخابی مہموں کے اختتام پر ان انتخابات کے نتائج میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکنے والی ریاستوں کے دورے کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/16cXP
تصویر: AP

امریکا میں سمندری طوفان سینڈی کے نتیجے میں ڈیموکریٹ صدر باراک اوباما اور ری پبلکن صدارتی امیدوار مٹ رومنی دونوں کی ہی مہم متاثر ہوئی۔ تاہم ان انتخابات سے صرف دو روز قبل دونوں سیاستدان اپنی اپنی انتخابی مہم کے اختتام پر ’فیصلہ کن ریاستوں‘ میں سرگرم ہیں۔

اس تازہ صورتحال میں جاری کیے جانے والے تازہ جائزوں کے مطابق اگرچہ اوباما اور مٹ رومنی کے مابین کانٹے دار مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے تاہم اس کے باوجود امریکی صدر اوباما آٹھ انتہائی اہم ریاستوں میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

USA Zerstörung Sandy Präsident Barack Obama in Lederjacke
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: dapd

اوباما اور مٹ رومنی نے ہفتے کی رات بھی اپنی اپنی انتخابی مہموں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اوباما نے اوہائیو، ملواکی اور وسکونسن میں اپنے ووٹروں سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ وہ بچوں کے لیے تعلیم کے مواقع مزید بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے اپنے حریف مٹ رومنی پر الزام عائد کیا کہ وہ پرانے اقتصادی نظریات کو ’نئی پیکنگ‘ میں بیچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اوباما اپنی مہم کے اواخر میں ورجینیا اور آئیوا اور نیو ہمپشائر کا دورہ کر رہے ہیں۔

ہفتے کی رات سابق امریکی صدر بِل کلنٹن نے اوباما کے ساتھ مل کر امریکی ووٹروں کو قائل کرنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر کلنٹن نے بالخصوص اقتصادی پالیسیوں پر امریکی صدر اوباما کی تعریف کی۔ بتایا گیا ہے کہ بل کلنٹن آج بروز اتوار نیو ہمپشائر میں بھی اوباما کے ساتھ ہی ہوں گے۔

دوسری طرف مٹ رومنی نے ہفتے کے دن نیو ہمپشائر، آئیوا اور کولوراڈو میں اپنے حامیوں سے خطاب کیا۔ وہ آج بروز اتوار ریاست پینسلوانیا میں ووٹروں کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

Mitt Romney in Iowa
ری پبلکن صدارتی امیدوار مٹ رومنیتصویر: Reuters

وال اسٹریٹ جرنل، این بی سی نیوز اور روئٹرز کی طرف سے کیے گئے جائزوں کے مطابق ریاست اوہائیو میں امریکی صدر کو اپنے حریف پر برتری حاصل ہے جبکہ فلوریڈا میں اوباما یا تو مٹ رومنی کے برابر ہیں یا انہیں وہاں بھی معمولی برتری حاصل ہے۔ اسی طرح ورجینیا میں اوباما تین پوائنٹس آگے ہیں جبکہ کولوراڈو میں مٹ رومنی دو پوائنٹس کی برتری لیے ہوئے ہیں۔

دوسری طرف Tufts یونیورسٹی سے منسلک ماہر سیاسیات Richard Eichenberg نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ جہاں تک خواتین ووٹرز کا تعلق ہے، ملک بھر میں اوباما کو اپنے سیاسی حریف پر آٹھ فیصد کی برتری حاصل ہے۔ خواتین ووٹرز کے رحجانات پر نظر رکھنے والے رچرڈ کے بقول امریکی صدارتی انتخابات میں اہم ثابت ہو سکنے والی تمام آٹھ ریاستوں میں خواتین ووٹرز میں اوباما کو واضح برتری حاصل ہے۔

( ab /ai (AFP,dpa