1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے نئے خصوصی مندوب کی نامزدگی

24 نومبر 2011

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے سلواکیہ سے تعلق رکھنے والے سفارتکار جان کیوبس کو افغانستان میں اپنا نیا نمائندہ خصو صی نامزد کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13Gb5
تصویر: picture alliance ZUMA Press

افغانستان میں مشکل صورتحال کے باعث چار برسوں میں اس عہدے پر یہ تیسری تبدیلی ہے۔ کیوبس سویڈن سے تعلق رکھنے والے سٹیفن ڈی میسٹورا کی جگہ لیں گے، جن کے عہدے کی مدت رواں برس 31 دسمبر کو پوری ہو رہی ہے۔ 59 سالہ کیوبس پانچ مختلف زبانوں پرمہارت رکھتے ہیں۔ وہ ماسکوکے" انٹرنیشنل ریلیشنز انسٹیوٹ" سے سند یافتہ ہیں۔ جان کیوبس عالمی سطح پر ایک معروف سفارتکار کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں اور وہ سلواکیہ کے وزیرخارجہ بھی رہ چکے ہیں۔ حال ہی میں وہ اقوام متحدہ کے یورپی اقتصادی کمیشن کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

افغانستان میں اس وقت امریکہ اور نیٹو افواج طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف برسرپیکار ہیں اور ایسے وقت میں وہاں اقوام متحدہ کے امن مشن کی موجودگی بھی لازمی تصور کی جارہی ہے۔ یہ امن مشن کابل حکام کی سیاسی حمایت کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ اس کے علاوہ یہ مشن افغانستان میں جاری تنازعے کے نتیجے میں ہونے والی سویلین ہلاکتوں پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ رواں برس اپریل میں مزار شریف شہر میں شدت پسندوں کے ایک حملے میں اقوام متحدہ کے سات اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے باوجود اقوام متحدہ کی جانب سے جان کیوبس کی نامزدگی افغانستان کے معاملے میں عالمی ادارے کی گہری دلچسپی کا واضح اظہار ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ماضی میں افغانستان میں اس عہدے پر تعیناتی سیاسی اعتبار سے کافی متنازعہ رہی ہے۔ سٹیفن ڈی میسٹورا کے ناروے سے تعلق رکھنے والے پیش رو کائے ایڈی کا اپنےامریکی نائب کے ساتھ افغانستان میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تنازعہ پیدا ہو گیا تھا۔ تاہم اس تنازعے کے نتیجے میں امریکی سفارتکار کو اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے۔ اسی طرح ایڈی کے جرمن پیش رو Tom Koenigs کو بھی اقوام متحدہ میں مغربی سفارتکاروں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑاتھا۔

رپورٹ: شاہد افراز خان

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں