1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان کی خفیہ جیل میں قیدیوں سے ’بہیمانہ سلوک‘

16 اکتوبر 2010

ایک امریکی تھنک ٹینک نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان کی ایک خفیہ جیل میں امریکی فوجی قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھتے ہوئے خود اپنے اصولوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/PfSn
تصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

امریکہ کی ’اوپن سوسائٹی فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے سولہ صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ میں افغانستان میں قائم اس خفیہ جیل کو Tor Jail یا بلیک جیل کہا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس جیل میں قیدیوں کو نہ تو مناسب چھت فراہم کی گئی ہے، نہ ہی خوراک میسر ہے۔ ان کے ساتھ ہونے والا سلوک بنیادی انسانی حقوق کی کُھلی خلاف ورزی ہے۔

Gefängnisaufstand in Afghanistan
بگرام جیل کے علاوہ بھی افغانستان اور عراق میں مختلف جیلوں کے قیدیوں کے ساتھ امریکی فوجیوں کے غیر انسانی سلوک کی خبریں آتی رہی ہیںتصویر: AP

پینٹاگون نے اس رپورٹ کی تردید کی ہے تاہم اُس نے کہا ہے کہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔ پینٹا گون کے ایک ترجمان نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا، ’امریکہ کا دفاعی محکمہ کسی قسم کی خفیہ جیل نہیں چلا تا۔ قیدیوں کی عارضی اسکریننگ کے لئے قائم کردہ حراستی کیمپ دراصل بین الاقوامی قوانین کے تحت کام کرتا ہے اور اس کا علم عالمی کمیٹی ریڈ کراس کو ہوتا ہے۔‘ تاہم اس ترجمان نے کہا ہے کہ ’اوپن سوسائٹی فاؤنڈیشن‘ کی طرف سے یہ رپورٹ پینٹاگون کے اہلکاروں تک پہنچ گئی ہے اور وہ اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اوپن سوسائٹی ایک امریکی کروڑ پتی ’جارج سوروس‘ نے قائم کر رکھی ہے۔ اس سوسائٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق یہ مبینہ خفیہ جیل کابل کے مضافات میں بگرام ایئر بیس میں قائم تھی تاہم یہ وہ جیل نہیں ہے جو باقاعدہ دستاویزی طور پر وجود رکھتی ہے۔

وہاں قید افراد کے بیانات نہایت ہولناک حقائق پر سے پردہ اٹھاتے ہیں۔ ان قیدیوں کا کہنا ہے کہ انہیں خاص طور سے انتہائی سرد درجہ حرارت میں رکھا گیا۔ انہیں نہ تو مناسب غذا، نہ ہی بستر اور اوڑھنے کو کمبل میسر تھے۔ تمام قیدیوں کو قدرتی روشنی سے محروم رکھا جاتا تھا اور انہیں مذہبی فرائض انجام دینے کی اجازت نہیں تھی نہ ہی وہ جسمانی ورزش کر سکتے تھے۔ اوپن سوسائٹی کے اہلکاروں نے کہا ہے کہ ان قیدیوں کو ریڈ کراس کی انٹر نیشنل کمیٹی سے ملنے کی اجازت بھی نہیں تھی۔ اطلاعات کے مطابق چند قیدیوں کو کچھ عرصہ قبل تک یعنی سال رواں کے گزشتہ مہینوں تک اس خفیہ جیل میں مقید رکھا گیا۔

Guantanamo Flash-Galerie
باراک اوباما کی انتخابی مہم کے دوران کئے جانے والے وعدوں میں گوانتا نامو کی جیل کو بند کرنے کا وعدہ بھی شامل تھاتصویر: AP

اس رپورٹ کے مصنف Jonothen Horowitz نے کہا ہے کہ اوبامہ انتظامیہ کو ان الزامات کونہایت سنجیدگی سے لینا ہو گا، جو افغانستان کے قید خانوں میں زبردست اصلاحات کی باتیں کرتی رہی ہے۔ جبکہ پینٹاگون کا دعویٰ ہے کہ وہ قیدیوں کے ساتھ ہمیشہ انسانی سلوک کرتا رہا ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں