1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں گھروں کی آلودگی ہزاروں ہلاکتوں کا سبب

14 جنوری 2011

گھروں کی آلودگی کے باعث دنیا بھر میں سالانہ 20 لاکھ افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ افغانستان کا شمار اس حوالے سے بدترین متا ثرہ ملکوں میں ہوتا ہے۔ وہاں سالانہ ہلاکتوں کی تعداد 54 ہزار ہے۔

https://p.dw.com/p/zxN0
تصویر: AP

افغانستان میں سخت سردی کے دِنوں میں گزشتہ ایک دہائی سے جاری افغان مشن کی وجہ سے چلنے والے بم اور گولیاں ہی عوام کا مسئلہ نہیں بلکہ گھر کو روشن اور گرم رکھنا بھی خطرہ بن سکتا ہے۔ افغان دارالحکومت کابل کے ایک شہری خان محمد کی لمبی داڑھی ایک مرتبہ ٹھوڑی تک جل گئی تھی جبکہ اس کا منہ سوجھ گیا تھا۔ دراصل اس کے گھر میں گیس لیمپ دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔

اس دھماکے میں خان محمد کا 11سالہ بیٹا بھی زخمی ہوا۔ اس نے بتایا، ’گیس لیمپ چولہے کے پاس رکھا ہوا تھا، جس کی وجہ سے گرم ہونے پر وہ دھماکے سے پھٹ گیا۔‘

یہ تو حادثہ ہے، لیکن اصل مسئلہ گھروں میں ایندھن کے استعمال کے سبب اٹھنے والے دھوئیں کا ہے۔ عالمی ادارہ صحت (WHO) کے مطابق اس کی وجہ سے افغانستان میں ہر سال 54 ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں، جن میں سے بیشتر پانچ سال سے بھی کم عمر کے بچے ہوتے ہیں۔

ایندھن سے اٹھنے والا دھواں بچوں میں نمونیے، پھیپھڑوں کے سرطان اور قلبی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے جبکہ ماحول پر اس کا منفی اثر تو ہوتا ہی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اس آلودگی سے زیادہ متاثر بچے اور خواتین ہوتی ہیں، جس کی وجہ ان کا زیادہ تر وقت گھر پر ہونا ہے۔

Afghanisches Flüchtlingskind
گھروں کی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر خواتین اور بچے ہوتے ہیںتصویر: AP

افغانستان میں قائم مقام وزیر صحت ثریا دلیل کہتی ہیں کہ گھروں میں آلودگی کو کم کرنے کے لئے سفارشات پیش کی گئی ہیں، جن میں بجلی کی فراہمی بھی شامل ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے گھروں کی آلودگی کو غریبوں کو درپیش بدترین مسئلہ قرار دیا ہے۔ گھروں میں لکڑی یا اس نوعیت کے دیگر ایندھن کا استعمال پاکستان، چین اور بھارت میں بھی ایک مسئلہ ہے۔ افغانستان کی مجموعی آبادی تین کروڑ ہے، جس میں سے 95 فیصد سے زائد گھروں پر اسی نوعیت کا ایندھن استعمال کرتی ہے، یعنی کوئلہ یا لکڑی۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق یوں افغانستان کا شمار دنیا میں ’اِن ڈور آلودگی‘ سے متاثر ہونے والے اوّلین 10ممالک میں ہوتا ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کے برعکس گزشتہ برس کے پہلے دس مہینوں میں پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں افغانستان میں ہلاکتوں کی تعداد 2,412 رہی جبکہ 3,803 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں