1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں برطانوی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافہ

10 جولائی 2009

جنوبی افغان صوبے ہلمند میں عسکریت پسندوں کی جانب سے ہونے والے دو الگ الگ واقعات میں دو برطانوی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Il8X
اتحادی فوج میں شامل ایک برطانوی سپاہی ہلمند میں گشت کے دورانتصویر: AP

اس ماہ کے آغاز سے اب تک برطانیہ کے نو فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ برطانوی وزارت دفاع کے مطابق ہلاک ہو نے والے برطانوی فوجیوں میں ایک فوجی بم حملے کا نشانہ بنا جب کہ دوسرا عسکریت پسندوں کی گولیوں سے زخمی ہوا اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے چل بسا۔ برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دونوں فوجیوں کے لواحقین کو ان ہلاکتوں کی اطلاع دی جا چکی ہے۔ جمعرات کے روز ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق ’’دی رائفلز‘‘ اور ’’پرنس آف ویلز رائل ریجمنٹ سے تھا۔

برطانوی وزارت دفاع کے مطابق دی رائفلز بٹالین سے تعلق رکھنے والا فوجی جمعرات کی شام پیدل گشت کے دوران جنوبی صوبے ہلمند کے علاقے ناد علی کے قریب بم دھماکے میں ہلاک ہوا جبکہ پرنس آف ویلز رائل ریجمنٹ سے وابستہ برطانوی فوجی لشکر گاہ کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف ایک جھڑپ کے دوران فائرنگ سے شدید زخمی ہوا اور بعد میں ہلاک ہو گیا۔


ان ہلاکتوں کے ساتھ 2001 سے اب تک افغانستان میں ہلاک ہونے والے برطانوی فوجیوں کی تعداد 178ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ عراق سے برطانوی فوجیوں کے انخلاء تک وہاں پر ہلاک ہونے والے برطانوی فوجیوں کی مجموعی تعداد 179تھی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق