1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں انتخابات مشکل مگر ناممکن نہیں، ہالبروک

رپورٹ: عاطف بلوچ، ادارت: شامل شمس25 جولائی 2009

پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی امریکی مندوب نے خبردار کیا ہے کہ جنگ کے دوران افغانستان میں صدارتی انتخابات کا انعقاد غیر معمولی طور پر مشکل ہو گا کیوں کہ طالبان باغی اس دوران خطر ناک حملے کر سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/IxKz
رچرڈ ہالبروک اور افغان صدر حامد کرزئیتصویر: AP
Egon Ramms mit Hamid Karzai und Dan McNeill
افغانستان میں تقریبا نوے ہزار غیر ملکی فوجی تعینات ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

رچرڈ ہالبروک کی طرف سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سات خود کش حملہ آوروں نے ملک کے مشرقی شہر خوست میں حملے کئے۔ ہالبروک نے کہا کہ یہ حملے سلامتی کے حوالے سے حکومت کی کمزوری ظاہر کرتے ہیں۔

افغانستان میں بیس اگست کو دوسرے صدارتی انتخابات ہونا طے ہیں تاہم سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال کے باعث اندیشہ ہے کہ انتخابات میں ووٹرز ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے۔

افغانستان کے دورے پر گئے ہوئے ہالبروک نے ہفتے کے دن کابل میں صحافیوں کو بتایا کہ سلامتی کی موجودہ صورتحال میں ان انتخابات کا انعقاد انتہائی مشکل ہو گا اور حالت جنگ میں انتخابات منعقد کروانا ایک پیچیدہ چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں کوئی انتخاب بھی بہترین طریقے سے انعقاد نہیں کیا جا سکتا لیکن موجودہ صورتحال میں جتنے ہو سکے اتنے ہی بہتر انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔

Barack Obama in Afganistan
افغانستان میں طالبان کے خلاف جنگ امریکی صدر باراک اوباما کی پالیسی کا محور ہےتصویر: AP

اس وقت افغانستان میں تقریبا نوے ہزار غیر ملکی فوجی تعینات ہیں جو ملک میں عدم استحکام کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہیں۔ ان فوجی دستوں میں سے زیادہ تر امریکی، برطانوی اور کینڈین ہیں۔

صدارتی انتخابات کے تناظر میں دو جولائی کو امریکی افواج نے افغانستان میں طالبان باغیوں کے خلاف اپنا سب سے بڑا فوجی مشن شروع کیا تھا۔ صوبہ ہیلمند مین شروع کئے جانے والی اس فوجی کارروائی میں چار ہزار امریکی فوجی حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم اب موجودہ صورتحال میں کہا جا رہا ہے ان کارروائیوں کے خوف سے عوام ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے اور نتیجتاً انتخابات کی شفافیت متاثر ہو گی۔ تاہم ہالبروک نے یقین ظاہر کیا ہے کہ یہ انتخابات کامیاب ثابت ہوں گے۔

افغانستان کے لئے خصوصی امریکی مندوب رچرڈ ہالبروک نے کہا ہے کہ یہ ناممکن ہے کہ طالبان کی چھوٹی سی تعداد کے خوف سے لوگ ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہم بہترین انتخابات کا انعقاد کرائیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں