1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان مہاجرین کے لیے تعلیمی دروازے بھی بند ہوتے ہوئے

فرید اللہ خان، پشاور29 جولائی 2016

صوبہ خیبر پختونخوا میں افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل تیز ہونے کے ساتھ ان کے بچوں کے لیے بنائے گئے تعلیمی ادارے بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ افغان مہاجر کیمپوں میں قائم اسکولوں کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JYa6
Peshawar Ausbildungsstätten
تصویر: DW/F. Khan

افغان مہاجرین کی واپسی کی وجہ سے ستمبر میں یہ تعلیمی ادارے کھل جانے کے بعد ان میں بچوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوگی۔ دوسری جانب حکام نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں افغان طلبا و طالبات کے لئے مختص کوٹہ بھی ختم کر دیا جائے گا۔ اس وقت پشاور میں ڈھائی سو تعلیمی ادارے ہیں، جن میں کئی ایک افغان کمشنریٹ کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اور انہیں باقائدہ حکومتی تعاون حاصل ہے تاہم ایک بڑی تعداد میں نجی تعلیمی ادارے بھی ہیں، جن میں زیر تعلیم طلبا غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہیں۔

خیبر پختون‍خوا کے سرکاری تعلیمی اداروں میں ایک بڑی تعداد میں افغان بچے زیر تعلیم ہیں تاہم جب ان کے مستقبل کے بارے میں ڈائریکٹر ایجوکیشن خیبر پختونخوا رفیق خٹک سے ڈوئچے ویلے نے بات کی تو ان کا کہنا تھا، ’’ہم اسکولوں میں آنے والے بچوں کو بھی اپنے ہی بچے سمجھتے ہیں۔ انہیں بلا رنگ و نسل، مذہب اور قومیت کے تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں ہزاروں کی تعداد میں افغان بچے زیر تعلیم ہیں ان پر کوئی پابندی نہیں ہے کہ ان کا تعلق کہاں سے ہے۔ ہمارا کام بچوں کو تعلیم دینا ہے تاکہ وہ معاشرے کے لئے ایک اچھے انسان بنیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔‘‘

Peshawar Ausbildungsstätten
تصویر: DW/F. Khan

وفاقی حکومت نے حال ہی میں افغان مہاجرین کی پاکستان میں قیام کی مدت میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی ہے تاہم یہ بھی واضح کیا ہے کہ آئندہ برس یکم جنوری سے رجسٹرڈ مہاجرین کی واپسی کا سلسلہ شروع کیا جائےگا اور اس میں مزید توسیع نہیں کی جائیگی۔ وفاقی وزیر سیفران قادر بلوچ کے مطابق پاکستان میں ڈیڑھ ملین رجسٹرڈ جبکہ ایک ملین غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیں۔ ملک بھر میں افغان مہاجرین کے چون کیمپ ہیں، تیس فیصد مہاجرین ان کیمپوں جبکہ ستر فیصد کیمپوں سے باہر رہتے ہیں۔

دارالحکومت پشاور میں بھی بڑی تعداد میں افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیں، جہاں یہ لوگ دیگر کاروبار کر رہے ہیں۔ پشاور میں افغان مہاجرین نے نجی تعلیم ادارے بھی کھول رکھے ہیں۔ پشاور کے حیات آباد ، بورڈ بازار، افغان کالونی، فقیر آباد، دلہ زاک روڈ اور کئی دیگر علاقوں میں سینکڑوں نجی تعلیمی ادارے قائم کیے گئے، جو کسی بھی پاکستانی ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں۔

Peshawar Ausbildungsstätten
تصویر: DW/F. Khan

غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف صوبائی حکومت کے آپریشن کی وجہ سے ان میں سے بھی کئی ادارے بند ہو چکے ہیں جبکہ زیادہ تر تعلیمی اداروں نے کارروائی کے خوف سے اپنے سائن بورڈز بھی اتار دیے ہیں۔ بورڈ بازار کی ایک کمپیوٹر اکیڈمی کے طالب علم عاطف نے ڈوئچے ویلے سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’اب ڈرتے ہوئے اکیڈمی آتے ہیں، پولیس ہمیں تنگ کرتی ہے، جب سے انہوں نے سرچ آپریشن شروع کیا ہے، دن میں کئی بار روک کر پوچھتے ہیں۔ تاہم جب ہم بتاتے ہیں کہ ہم اسٹوڈنٹس ہیں تو پھر کچھ نہیں کہتے۔ کئی لوگ تعلیم چھوڑ کر افغانستان جا چکے ہیں۔‘‘

پشاور پولیس نے گزشتہ چھ ماہ سے غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے اور اب تک ڈھائی ہزار سے زیادہ غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے کر سرحد عبور کروائی گئی ہے۔

جب ان نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے پشاور کے اسٹنٹ کمشنر الطاف شیخ سے ڈوئچے ویلے نے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا، ’’زیادہ تر نجی اسکول کسی بھی ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں اور نہ ہی حکومتی سطح پر نجی تعلیمی اداروں کے لئے کوئی پالیسی ہے۔ ان میں پڑھنے والے بچے اگر رجسٹرڈ ہیں تو انہیں تنگ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور انہیں کچھ نہیں کہا جاتا، جہاں تک کیمپوں میں افغان اسکولوں کا تعلق ہے تو جب افغان مہاجرین واپس جائیں گے تو کیمپ بھی ختم کئے جائیں گے، اس کے ساتھ ہی یہ اسکول بھی ختم ہوں گے۔‘‘

تجزیہ کاروں کے مطابق پشاور میں کئی افغان طالب علم میڈکل اور انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن کے لیے فوری طور پر تعلیم کا سلسلہ ختم کرنا ممکن نہ ہوگا۔ دوسری جانب کئی ایسے طالب علم بھی ہیں جو پاکستانی نیشنلیٹی کے لئے درخواست دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنی تعلیم مکمل کرسکیں۔