1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افریقہ میں صحت کے حصول کے لیے سیل فون کا استعمال

30 مارچ 2011

زندگی بچانے کا اختیار دیتا ہوا ایک ایس ایم ایس پیغام کہ ‘کل کلینک میں آپ سے ملاقات ہوتی ہے‘، جنوبی افریقہ میں مریضوں کو اپنی انسداد ایڈز کی نئی ادویات لینے کی یاد دہانی کروا دیتا ہے۔

https://p.dw.com/p/10k9h
تصویر: AP

یہ مفت ٹیکسٹ پیغام جنوبی افریقہ میں ایچ آئی وی ایڈز کے علاج کے لیے قائم کیے گئے سب سے بڑے مرکز سے جاری کیا جاتا ہے۔ ایسے پیغام دراصل اس مہم کا حصہ ہیں جس میں اس بر اعظم کے 642 ملین موبائل فون صارفین کو اپنی صحت کی دیکھ بھال کے لیے آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں قائم Themba Lethu نامی کلینک میں ایک دن میں اوسطﹰ 450 مریض آتے ہیں۔ اس کلینک کے باہر قطار میں کھڑی 40 سالہ ایمیلی مولٹسین کہتی ہیں کہ وہ اپنا موبائل فون دن بھر چیک کرتی رہتی ہیں۔ ایمیلی کے مطابق اس طرح وقت پر اپنی ادویات لینے کا ان کا معمول کارگر ثابت ہو رہا ہے۔

Esther Babalola HIV/AIDS in Sagamu, Nigeria, Medikamente
افریقہ میں ایڈز سے متاثرافراد کی بہت بڑی تعداد اور غربت کے باعث ٹیکسٹ پیغام سے یاد دہانی کا آغاز کیا گیا ہےتصویر: AP

ایچ آئی وی ایڈز کے علاج کے لیے قائم کیے گئے جنوبی افریقہ کے سب سے بڑے مرکز میں یاد دہانی کے ایسے ایس ایم ایس الرٹس حاصل کرنے کے لیے اب تک تقریباﹰ ایک لاکھ افراد اپنا اندراج کروا چکے ہیں۔ مرکز کے مطابق سن 2007ء کے وسط میں 15 فیصد مریض روزانہ ڈاکٹر سے ملاقات کے لیے طے شدہ وقت پر نہیں پہنچ پاتے تھے۔ تاہم اس سروس کے آغاز کے بعد اب یہ سطح صرف چار فیصد رہ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق گو کہ افریقہ لینڈ لائینز اور ہسپتالوں میں بستروں کے حوالے سے بہت غریب ہے تاہم سیل فون کے معاملے میں بہت امیر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موبائل کے ذریعے صحت کا mHealth نامی پروگرام کم قیمت میں صحت کی دیکھ بھال کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔

Afrika Kenia Frau telefoniert in Nairobi
افریقہ میں موبائل ٹیکسٹ پیغام کے ذریعے صحت کے حوالے سے شعور بیدار کرنی کی مہم نہایت کامیاب رہی ہےتصویر: AP

ادھر مغربی افریقہ کے ملک گھانا میں کُل 22 سو ڈاکٹروں نے جبکہ لائبیریا کے تمام کے تمام 143 ڈاکٹروں نے انسداد غربت کے لیے کام کرنے والے گروپ، افریقہ ایڈز MDNet نامی نیٹ ورک کے اشتراک سے ان کے ایک پروگرام میں شرکت کی ہے۔ اس کے تحت وہ کسی بھی دوسرے ڈاکٹر کو موبائل فون سے مفت کال اور ٹیکسٹ پیغام بھیج سکتے ہیں۔ نیٹ ورک کے مطابق چند بڑے موبائل آپریٹرز کے اشتراک سے دی گئی اس سہولت کے ذریعے اب تک 2.5 ملین کالیں کی جا چکی ہیں۔

صحت کے حوالے سے بھیجے جانے والے txtAlert تیار کرنے والے ادارے Praekelt Foundation سے وابستہ مارشا نیتھلینگ کہتی ہیں کہ ایسی اور کوئی ٹیکنالوجی نہیں ہے جو عوام تک اتنے بڑے پیمانے پر انتہائی سستے طریقے کے ذریعے رسائی حاصل کر سکے۔ وہ کہتی ہیں اس میں اب کوئی شک نہیں کہ یہ سہولتیں بہت بڑے پیمانے پر عوام پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔

رپورٹ:عنبرین فاطمہ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں