اسی فیصد پاکستانی آلودہ پانی پینے پر مجبور
7 ستمبر 2016پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پانی کے نمونوں کے ٹیسٹ ’پاکستان کونسل فار ریسرچ ان واٹر ریسورسز‘ کی سربراہی میں کیے گئے تھے۔ ان ٹیسٹوں کے نتائج سے پتا چلا ہے کہ پانی کے اکثر نمونے بیکٹیریا، آرسینک (سنکھیا)، نائٹریٹ اور دیگر خطرناک دھاتوں سے آلودہ تھے۔ رانا تنویر نے میڈیا کو بتایا کہ ملک بھر میں پانی کے معیار کو جانچنے کے لیے 24 لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں اور دیگر اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے سینیٹ کو بتایا کہ ملک کے کئی علاقوں میں پانی میں بیکٹریا کی مقدار 62 فیصد اور آرسینک (سنکھیا) کی مقدار 24 فیصد تک پائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بیکٹیریا سے آلودہ پانی ملک میں ہیپاٹائٹس، خسرے اور ہیضہ جیسی بیماریوں کا سبب بنتا ہے جبکہ پانی میں آرسینک کی زیادہ مقدار ذیابیطس، سرطان، پیدائشی نقص، جلد، گردوں اور دل کی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔
پاکستانی انگریزی اخبار ڈان کے مطابق ’پاکستان کونسل فار ریسرچ ان واٹر ریسورسز‘ کے پاس فنڈنگ کی کمی ہے اور اس کی کچھ لیبارٹریاں بند ہونے کا بھی خدشہ ہے۔