1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسکولوں میں منشیات کا ٹیسٹ، روسی صدر کی تجویز

19 اپریل 2011

روسی صدر دیمتری میدویدیف نے اسکولوں کی سطح پر منشیات کا ٹیسٹ کروانے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ منشیات کی لعنت روسی معاشرے کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/10vrj
تصویر: dapd

روسی صدر نے کہا ہے کہ منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کی وجہ سے وفاق روس کی معیشت کو بھی سخت نقصان پہنچ رہا ہے۔ سائبیریا کے شہر Irkutsk میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دیمتری میدویدیف نے کہا کہ ملک بھر میں اس لعنت کے شکار لوگوں کی تعداد ڈھائی ملین سے کم ہر گز نہیں ہو گی۔

روسی صدر کے بقول اس مسئلے کی وجہ سے روس کی مجموعی قومی پیداوار کا دو سے لے کر تین فیصد تک حصہ متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ماسکو حکومت کے پاس آخری حل یہی ہے کہ وہ اسکولوں کی سطح پر منشیات کا ٹیسٹ متعارف کروائے تاکہ نشے کا شکار ہونے والے افراد کی شروع میں ہی نشاندہی ہو جائے۔

قدرے ترقی پسندانہ خیالات کے حامل سمجھے جانے والے صدر میدویدیف نے اس امکان کا اظہار بھی کیا کہ بعد ازاں اسکولوں میں منشیات کے باقاعدہ ٹیسٹ کو قانونی درجہ دینے کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے، ’بدقسمتی سے معاملہ اتنا سنگین ہو گیا ہے کہ ہمارے پاس اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ ہی نہیں بچا‘۔

Frau mit Joint
روس میں ہر روز قریب دس افراد منشیات کے استعمال کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیںتصویر: AP

دیمتری میدویدیف کے مطابق روس میں نشہ کرنے والے 70 فیصد افراد کی عمر تیس برس سے بھی کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اس وقت زیادہ تر کم عمر افراد ہی نشے کی لت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

دوسری طرف روسی حکومتی حلقوں میں ملکی صدر کے اس اعلان کو تنقیدی نظروں سے بھی دیکھا جا رہا ہے۔ روس کی فیڈرل ڈرگ کنٹرول ایجنسی کے سربراہ وکٹر ایوانوف نے خبردار کیا ہے کہ ماسکو حکومت کو اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے جلد بازی میں کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’ابتدائی مراحل میں تشخیص کے لیے اسکولوں کی سطح پر منشیات کا ٹیسٹ کروانے کی ہم حمایت کرتے ہیں‘۔ لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اسے لازمی بنانے سے کئی پیچیدگیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔

روس کا شمار ان تین بڑے ملکوں میں ہوتا ہے، جہاں ہلاکت خیز نشے کے طور پر ہیروئن کا استعمال سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ ماسکو حکومت کے اندازوں کے مطابق روس میں ہر روز قریب دس افراد منشیات کے استعمال کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک