1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپیڈ ڈیٹنگ کی طرز پر تلاش روزگار کا انوکھا طریقہ

26 نومبر 2010

تلاش روزگار کے لیے اسپیڈ ڈیٹنگ کا یہ طریقہ کار دراصل پہلی نظر میں پیار ہونے کے نظریے کے برخلاف یہ باور کراتا ہے کہ میل ملاقات سے ہی مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/QIk9
تصویر: AP

اسپیڈ ڈیٹنگ کے لیے دراصل اجنبی خواتین وحضرات کسی ایک مقام پر جمع ہوتے ہیں اور ایک وقت میں ایک مرد باری باری مختلف میزوں پر بیٹھی خواتین سے بات کرتا ہے۔ عام طور پر اس مختصر گفتگو یا ملاقات کے لیے 15 منٹ کا مختصر وقت دیا جاتا ہے، جس کے مکمل ہوتے ہی گھنٹی بجتی ہے اور وہ مرد دوسری میز پر موجود کسی اور خاتون سے 15 منٹ تک بات چیت کرتا ہے۔ یوں اسے ساتھی کی تلاش میں وہاں موجود تمام خواتین سے باری باری ملاقات کا موقع ملتا ہے۔

تمام خواتین سے مختصر گفتگو یا ملاقات کے بعد کوئی بھی مرد دراصل یہ طے کرتا ہے کہ وہ کس خاتون سے دوبارہ ملاقات کرنا چاہے گا، بشرطیکہ وہ خاتون بھی اس سے ملنا چاہے۔

c/o Pop 2009
اسپیڈ ڈیٹنگ میں لڑکے اور لڑکیاں صنف مخالف کے افراد سے مختصر ملاقات کے بعد طے کرتے ہیں کہ وہ آئندہ کس سے ملنا چاہیں گےتصویر: DW

یہی طریقہ کار اب روزگار کی تلاش یا پھر کسی ملازمت کے لیے مناسب امیدوار کی تلاش کے لیے بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ جرمن شہر میونسٹر میں موجود ایک ادارہ سال میں دو مرتبہ اسپیڈ ڈیٹنگ کی طرز پر امیدواروں اور ملازمت فراہم کرنے والے افراد یعنی آجروں کو جمع کرتا ہے۔ اسے فوری ملازمت کا حصول یعنی اسپیڈ جاب سیکنگ کا نام دیا گیا ہے۔

وہ لوگ جو نوکری کی تلاش کے مرحلے سے گزر چکے ہوں یا گزر رہے ہیں، جانتے ہیں کہ درخواست دینے سے لے کر نوکری ملنے تک کا مرحلہ کس قدر طویل اور صبرآزما ہوتا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ بنا کسی مناسب تعلق یا ذریعے کے نوکری کی تلاش کا یہ طریقہ کار زیادہ فائدہ مند بھی ثابت نہیں ہوتا۔ تاہم پبلک ریلیشنگ یا ذاتی تعلقات کے ذریعے نوکری کا حصول نہ صرف فوری ہوتا ہے بلکہ اس میں کامیابی کے امکانات بھی کہیں زیادہ ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تیز ترین نیٹ ورک کو استعمال میں لاتے ہوئے نوکری تلاش کرنے کا یہ طریقہ اب یورپ اور امریکہ میں مقبول ہوتا جا رہا ہے۔

اسپیڈ جاب سیکنگ کے اس طریقہ کار میں کمپنیاں اور درخواست گزار دونوں ایک مختصر ملاقات میں اس بات کا اندازہ لگا لیتے ہیں کہ آیا وہ دونوں ایک دوسرے کے لئے موزوں ہیں یا نہیں۔ میونسٹر میں اسپیڈ جاب سیکنگ کا انتظام کرنے والے ادارے کے ایک ترجمان کے مطابق 15 منٹ کی ایک مختصر ملاقات اب تک بہت سے درخواست گزاروں کو اپنے پیش ورانہ مستقبل کے حوالے سے کامیاب اور دلچسپ مواقع فراہم کر چکی ہے۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں