1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسٹراؤس کاہن نیویارک سے روانہ ہو گئے

4 ستمبر 2011

امریکہ میں جنسی زیادتی کے الزامات کا سامنا کرنے والے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے سابق سربراہ ڈومنیک اسٹراؤس کاہن فرانس پہنچ رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12SiB
ڈومنیک اسٹراؤس کاہنتصویر: dapd

یہ پیش رفت عدالت کی جانب سے ان کے خلاف الزامات خارج کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہفتہ کو اسٹراؤس کاہن اور ان کی اہلیہ این سنکلیئر فرانس روانگی کے لیے نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو وہاں متعدد صحافی جمع تھے۔

اس موقع پر اسٹراؤس کاہن نے مسافروں کے ایک گروپ کی طرف دیکھتے ہوئے ہاتھ ہلایا، لیکن انہوں نے صحافیوں سے کوئی بات نہیں کی۔

اے ایف پی کا کہنا ہے کہ ایئر فرانس کی نیویارک سے پیرس کے لیے متعدد پروازیں چلتی ہیں، لیکن کاہن کے قریبی ذرائع سے پرواز کا محض وقت ہی معلوم ہو سکا، جس کے مطابق یہ کہا جا سکتا ہے کہ غالباً وہ پرواز نمبر  AF 007 پر سوار ہوئے، جو نیویارک سے ہفتہ کی شام مقامی وقت کے مطابق سوا سات بجے پیرس کے لیے روانہ ہوئی۔

باسٹھ سالہ اسٹراؤس کاہن پر الزام تھا کہ انہوں نے نیویارک کے ایک ہوٹل کی ملازمہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ اس کے نتیجے میں انہیں اس وقت حراست میں لے لیا گیا تھا، جب وہ نیویارک سے پیرس کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔ بعد میں انہوں نے آئی ایم ایف کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

ان کے خلاف الزامات گزشتہ ہفتے خارج کیے گئے تھے۔ استغاثہ کا کہنا تھا کہ شکایت گزار کے جھوٹ اس کے الزامات کو ثابت کرنا مشکل بنا چکے ہیں، اس لیے وہ مقدمے کی پیروی نہیں کر سکتے۔

Freilassung von Dominique Strauss-Kahn in New York
کاہن اہلیہ کے ساتھتصویر: AP

تئیس اگست کو کاہن کے خلاف الزامات خارج ہوئے تو اس موقع پر صحافیوں سےگفتگو میں ان کا کہنا تھا: ’’میں اپنے وطن لوٹنے کے لیے بے تاب ہوں۔‘‘

انہوں نے اپنے خلاف مقدمے کو انتہائی مشکل اور غیر منصفانہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے ایک تحریری بیان میں کہا تھا کہ تین مہینے تک چلنے والی قانونی کارروائی ان کے خاندان اور ان کے لیے کسی ڈراؤنے خواب کی مانند تھی۔

خیال رہے کہ اسٹراؤس کاہن اپنے خلاف الزامات سے جڑی قانونی کارروائی سے پوری طرح آزاد نہیں ہوئے۔ ان پر الزام لگانے والی ہوٹل کی ملازمہ Nafissatou Diallo نے ان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا ہے۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں