1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اسٹار وارز: دا فورس اویکنز‘ نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے

عاطف بلوچ22 دسمبر 2015

سائی فائی فلم ’اسٹار وارز: دا فورس اویکنز‘ نے اپنی نمائش کے پہلے ویک اینڈ پر بزنس کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ سولہ دسمبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے ویک اینڈ تک 529 ملین ڈالر کا بزنس کیا۔

https://p.dw.com/p/1HRcu
Filmstill Star Wars The Force Awakens
تصویر: Disney/Lucasfilm

مشہور فلم سیریز اسٹار وارز کے سلسلے میں بنائی جانے والی نئی فلم ’اسٹار وارز: دا فورس اویکنز‘ کی شاندار کامیابی کی وجہ سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ فلم باکس آفس پر بزنس کے حوالے سے نئے ریکارڈ بھی قائم کر دے گی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ اسٹار وارز سیریز کی اس نئی فلم نے اپنی ریلیز کے بعد پہلے ویک اینڈ تک امریکا میں 248 ملین ڈالر جب کہ بین الاقوامی سطح پر 281 ملین ڈالر کما لیے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ سن 2015 میں ہی ریلز ہونے والی ایکشن، سائی فائی اور ایڈونچر فلم ’جوراسک ورلڈ‘ کو حاصل تھا، جس نے پہلے ویک اینڈ تک 524.9 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔ ڈائنوسارز پر بنائی جانے والی اس فلم کے ہدایت کار کولن ٹریوارو تھے۔

یہ امر اہم ہے کہ ’اسٹار وارز: دا فورس اویکنز‘ نے ابھی تک جو کمائی کی ہے،اس میں بھارت، یونان اور چین شامل نہیں ہیں۔ دنیا میں فلم بینی کی دوسری سب سے بڑی مارکیٹ چین میں یہ فلم نو جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

اسٹار وارز سیریز کی ساتویں فلم ’دا فورس اویکنز‘ جب جمعرات کے دن امریکا اور کینڈا میں ریلیز کی گئی تھی تو اس فلم نے اس وقت بھی شاندار کمائی کی تھی اور گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔

اس فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے دن ہی 120 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔ اس قبل یہ ریکارڈ ’ہیری پوٹر اینڈ دا ڈیڈلی ہالوز‘ نامی فلم کو حاصل تھا۔

USA Star Wars The Force Awakens New York Comic-Con 2015
اسٹار وارز سیریز کی اس نئی فلم نے اپنی ریلیز کے بعد پہلے ویک اینڈ تک امریکا میں 248 ملین ڈالر جب کہ بین الاقوامی سطح پر 281 ملین ڈالر کما لیےتصویر: Getty Images/J. Raedle

’اسٹار وارز: دا فورس اویکنز‘ کے ڈائریکٹر جیفری جیکب ابرامز کا کہنا ہے کہ وہ توقع کر رہے تھے یہ فلم عالمی سطح پر شان دار کامیابی حاصل کر لے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ اچھائی اور برائی کے مابین کش مکش اور جنگ پر مبنی 135 منٹ دورانیے کی یہ فلم بناتے ہوئے ان کا مقصد تھا کہ وہ فلم بینوں کو ایک ایسی تخلیاتی دنیا میں لے جانے میں کامیاب ہو جائیں، جہاں وہ خود کو اس فلم کا ایک کردار تصور کریں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید