اسلام آباد: خود کش حملے میں آٹھ افراد ہلاک
5 اپریل 2009یہ واقعہ اسلام آباد کے اتہائی حسّاس سیکٹر ایف سیون کی مارگلا روڈ پر واقع فرنٹیئر کانسٹبلری کے بیرک میں پیش آیا۔ خود کش حملہ آور نے بیرک میں داخل ہوکر خود کو اس وقت بم سے اڑایا جب وہاں ایف سی کے اہلکار رات کا کھانہ کھا رہے تھے۔
اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز بن یامین نے زرائع ابلاغ کو بتایا کہ خود کش حملے میں چھ ایف سی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں تاہم بعد میں یہ تعداد آٹھ ہوگئی۔ واقعے میں کئی ایف سی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔
دھماکے کی آواز اس قدر زوردار تھی کہ اس سے پورا شہر لرز اٹھا جب کہ دور دور تک فضا میں بارود کی بو پھیل گئی۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں جس کے بارے میں پولیس حکّام کا کہنا تھا کہ یہ فائرنگ ایف سی اہلکاروں کی جانب سے اپنے دفاع میں کی گئی۔
ڈی آئی جی بن یامن کے مطابق سیکیورٹی ہائی الرٹ کے باوجود خودکش حملہ آور کو روکنا آسان نہیں۔
دوسری جانب مشیرِداخلہ رحمان ملک نے ایف سی بیرک پر خود کش حملے کو وہاں اہلکاروں کی غفلت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے کی کڑیاں بھی جنوبی وزیرستان سے ملتی ہیں۔
دریں اثناء سیکیورٹی حکّام کی جانب سے اسلام آباد میں مزید خود کش حملہ آوروں کی موجودگی کی وارنگ کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ پر ہے اور شہر میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔ عام شہری اپن۔ تحفظ کے حوالے سے سخت فکرمند ہیں۔