1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیلی ٹی وی اسٹار نے خودکشی کر لی

20 اگست 2009

اسرائیل کے معروف ٹی وی اسٹار ڈوڈو ٹوپاز نے جیل میں خود کو پھانسی پر لٹکا کر ہلاک کر دیا ہے۔ ٹیلی ویژن پر تفریحی پروگراموں کے باعث شہرت حاصل کرنے والے ڈوڈو ٹوپاز کو جون میں گرفتار کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/JEjy
اسرائیلی جیل کے حکام نے اس خبر کی تصدیق کر دی ہےتصویر: AP

ڈوڈو ٹوپاز پر الزام تھا کہ وہ حملہ کر کے اپنے چینل کے افسران کو ہلاک کرنا چاہتے تھے اور اس کے لئے وہ منصوبہ بندی میں مصروف تھےکیونکہ ٹوپاز کی جانب سے پیش کردہ کئی تجاویز کو ان افسران نے رد کر دیا تھا، جس پر ٹوپاز برہم تھے۔ ٹوپاز نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

62 سالہ ٹوپاز اسرائیل میں ٹی وی انڈسٹری میں مشہور ترین میزبان سمجھے جاتے تھے تاہم گزشتہ کچھ برسوں میں ان کا فنی سفر پے درپے مشکلات کا شکار رہا۔ ان کے کیریئر میں آنے والا زوال ان کے لئے ہمیشہ ذہنی دباؤ کا باعث رہا۔

اسرائیلی جیل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹوپاز نے جیل کی کوٹھری میں خود کو پھانسی دے دی ہے اور طبی عملے کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ زندہ نہیں بچ سکے۔

ٹوپاز کے علاوہ تین دیگر افراد کو بھی ٹی وی افسران پر حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

افسران پر حملوں کی منصوبہ بندی کوئی پہلا واقعہ نہیں تھا جب ٹوپاز کے حوالے سے کوئی تنازعہ پیدا نہیں ہوا۔ 2003 میں اپنے ٹی وی شو کے دوران ٹوپاز نے لاطینی امریکی ڈرامہ اداکار کے بازو پر دانت گاڑ دیے تھے۔ 1995 میں ان کے پروگرام کی خرابیوں کی نشاندہی پر انہوں نے ایک ناقد کو گلاس کھینچ مارا تھا۔

ٹوپاز کے وکیل زیون عامر نے اسرائیلی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا : ’’ٹوپاز کے لئے ان کے مداحوں کی محبت ہمیشہ اہم رہی۔‘‘

زیون عامر کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ سے وہ ہمیشہ یہی کہتے سنائی دئے: ’’میں ایک اچھا آدمی ہوں اور یہ سب کو پتہ چل جائے گا۔ میں وہ ہوں جو اچھے کام کرتا ہے۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : گوہر گیلانی