1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی جھڑپ میں پانچ افراد ہلاک

4 اگست 2010

اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی جھڑپ کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسے اسرائیل اور لبنان میں حزب اللہ کے درمیان 2006ء کی لڑائی کے بعد ہونے والے خطرناک ترین محاذ آرائی کہا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/ObJa
تصویر: AP

لبنانی فوج کے مطابق اس کے تین اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ اس جھڑپ کے نتیجے میں لبنان کا ایک صحافی بھی ہلاک ہو گیا ہے۔

Saad Hariri NO FLASH
لبنانی وزیر اعظم سعد حریریتصویر: AP

امریکہ اور یورپی یونین نے فریقن پر پر امن رہنے کے لئے زور دیا ہے۔ امریکہ نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن فریقین سے رابطے میں ہے۔ یورپی یونین کی سربراہ برائے خارجہ امور کیتھرین ایشٹن نے بھی کہا ہے کہ کشیدگی کو ہوا نہ دی جائے۔ لبنان کے جنوبی علاقے میں تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج نے بھی فریقین سے پر امن رہنے کے لئے کہا ہے۔

بیروت حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کے لبنان کے علاقے میں داخل ہونے پر فائرنگ کی گئی۔ اسرائیل نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ کسی بھی حملے کا ’جارحانہ‘ جواب دیا جائے گا۔ لبنانی وزیر اعظم سعد حریری نے کہا ہے کہ لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

اُدھر حزب اللہ کے رہنما شیخ حسن نصراللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے دوبارہ حملہ کیا تو اس کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کے لوگ لڑائی کے لئے تیار ہیں تاہم انہیں پرامن رہنے کے لئے کہا گیا ہے تاکہ بات نہ بڑے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں تشدد کا جواب تشدد سےدیا جائے گا۔

Israel Ministerpräsident Benjamin Netanyahu Friedensprozess
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہوتصویر: AP

لبنان کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی ایک درخت اکھاڑنے کے لئے ان کے علاقے میں داخل ہوئے، جو ان کے لئے علاقے کی نگرانی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہا تھا۔ فوج کے ترجمان نے کہا کہ انہیں خبردار کرنے کے لئے فائرنگ کی گئی تاہم اسرائیل نے اس کا جواب توپخانے اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فائرنگ سے دیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق لبنانی فوجیوں نے گھات لگا کر فائر کئے، جس کے نتیجے میں اس کے دو اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک بعدازاں ہلاک ہو گیا۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق بعدازاں لبنان نے فائربندی کی درخواست کی تھی۔

قبل ازیں پیر کو اسرائیل کے سیاحتی مقام ایلات پر راکٹ بھی فائر کئے گئے تھے۔ تاہم ان کے نتیجے میں وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

رپورٹ : ندیم گِل

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں