استنبول میں یوشع بن نون کا مزار
یوشع بن نون کا مزار ترک شہر استنبول کی ایک اونچی پہاڑی پر واقع ہے۔ پیغمبر یوشع کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ پیغبر موسی کی وفات کے بعد انہوں نے بنی اسرائیل کی سربراہی کی تھی۔ ان کے مزار کی چند تصاویر۔
قبر کی طوالت کی وجوہات
ان کی قبر تیس میٹر طویل ہے اور اس طوالت کی تین روایات بیان کی جاتی ہیں۔ پہلی یہ کہ پیغمبر ہونے کے ناطے احتراماً اسے طویل بنایا گیا۔ دوسری یہ ہے کہ اس قبر بتانے وقت اس بات کو مد نظر رکھا گیا کہ وقت گزرنے ساتھ قبر کا اصل مقام ضائع نہ ہو جائے۔ جبکہ تیسری روایت یہ ہے کہ اس پہاڑی پر جن رہا کرتے تھے اور انہوں نے اس قبر کی تعمیر میں حصہ لیا اسی لیے اس کو اتنا طویل بنایا گیا ۔
سر کی نشاندہی
قبر کے سرہانے لوہے کی ایک سلاخ نصب ہے تاکہ اس کی نشاندہی ہوتی ہے کہ مدفون پیغمبر کا سر کس جانب ہے۔
تبرکات
مزار کے مرکزی دروازے کے باہر زائرین کے لیے تبرکات اور کھانے پینے کے اشیاء کے سٹال لگائے گئے ہیں۔
زائرین کی عقیدت
پیغمبر یوشع بن نون کی قبر استنبول شہر کی سب سے اونچی پہاڑی پر واقع ہے اور زائرین روزانہ پیدل چلتے ہوئے یا گاڑیوں کے ذریعے اس مقام کا رخ کرتے ہیں۔
مزار کا نقشہ
یہاں آنے والوں کی رہنمائی کے لیے عمارت کے باہر مزار اور مسجد اور اس کے ارد گرد کی دیگر تعمیرات کا نقشہ مرکزی دروازے کے باہر لگایا گیا ہے۔
تنگ دروازہ
پیغمبر یوشع کی قبر پر دعا کے لیے آنے والے اس نسبتاً تنگ دروازے سے اندر داخل ہوتے ہیں۔
موسی کے ساتھی
قبر پر آنے والے یہاں دعا کرتے ہیں اور مننتیں مانگتے ہیں۔ یوشع بن نون حضرت موسی کے دستِ راست اور انتہائی قریبی ساتھی تھے۔
یوشع مسجد
عثمانی دور کے سلطان سلیم نے یہاں ایک مسجد بھی تعمیر کی تھی۔ اسے یوشع مسجد کہا جاتا ہے۔
تاریخی نل
مزار کے احاطے میں پینے کے پانی کا ایک ایسا نل بھی موجود ہے، جو سلطنت عثمانیہ کے دور کی یادگار ہے۔ لوگ آج بھی یہاں اپنی پیاس بجھاتے ہیں۔
عزیر و اقارب کی قبریں
مزار کی دیوار کے باہر مزید تاریخی قبریں بھی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ یوشع بن نون کے ساتھیوں اور عزیز و اقارب کی ہیں۔
جن پہاڑی
یوشا پہاڑی کا پرانا نام جن ہہاڑی تھا۔ استنبول شہر کا سب سے اونچا مقام ہونے کی وجہ سے یہاں سے نہ صرف آبنائے باسفورس بلکہ بحیرہ اسود کا بھی نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے یہاں آنے والوں کے لیے ایسی جگہ بھی بنائی ہے جہاں سے بیٹھ کر وہ نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔