1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اختیارات کا ناجائزاستعمال، پینٹاگون کے اعلیٰ اہلکار کے خلاف کارروائی

29 اکتوبر 2010

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے ایک اعلیٰ اہلکار کو ملکی محکمہء دفاع کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے اور جھوٹ بولنے پر اپنے خلاف تحقیقات کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/PuC5
تصویر: AP

اطلاعات کے مطابق مائیکل فرلونگ نے پاکستان اور افغانستان میں جاسوسی کے لئے نجی جاسوسوں پر مشتمل ایک نیٹ ورک بنایا تھا اور ایسا کرتے ہوئے انہوں نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا تھا۔

اس امریکی اخبار کے مطابق پینٹا گون کے اس اعلیٰ اہلکار کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے سن 2009ء کے اواخر میں جو غیر قانونی اور خفیہ نیٹ ورک بنایا تھا، وہ پاکستان اور افغانستان میں موجود عسکریت پسند گروپوں کے بارے میں معلومات اکٹھا کرتا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ مائیکل فرلونگ نے اس نیٹ ورک کے بارے میں امریکی محمکہء دفاع کو بھی دانستہ طور پر غلط معلومات فراہم کی تھیں۔ پینٹاگون کے ترجمان ڈیوڈ لیپن نے تصدیق کی ہے کہ ابتدائی چھان بین کے بعد تفصیلی تحقیقات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

Verteidigungsminister Robert Gates
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹستصویر: AP

دوسری طرف امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ سویلین اہلکار مائیکل فرلونگ نے اپنے خلاف لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کمپنی جو بھی کام کر رہی تھی، اس کے لئے افغانستان متعین اعلیٰ فوجی قیادت نے منظوری دے رکھی تھی۔

پینٹا گون کے قواعد کے مطابق جاسوسی کے لئے نجی کنٹریکٹرز کی خدمات نہیں لی جا سکتیں تاہم اطلاعات کے مطابق مائیکل فرلونگ کے بنائے گئے نیٹ ورک کی طرف سے معلومات ملنے پر جنگجوؤں پر کئی حملے کئے گئے تھے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے اس خفیہ جاسوسی گروپ کے بارے میں حقائق منظر عام پر آنے کے بعد تفصیلی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ مائیکل فرلونگ کے خلاف ایک اور تحقیقاتی کمیشن بھی قائم کیا گیا ہے، جو اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا وہ اس معاہدے کے دوران کسی مالی بدعنوانی کے بھی مرتکب ہوئے۔ اس تحقیقاتی کمیشن کی سرپرستی امریکی فضائیہ کے انسپکٹر جنرل خود کر رہے ہیں۔

مائیکل فرلونگ نے اپنے نیٹ ورک میں کئی چھوٹی چھوٹی کمپنیوں کی خدمات حاصل کر رکھی تھیں، جن میں سے ایک کمپنی ایسی بھی تھی جو ایک سابقہ CIA ایجنٹ کی تھی۔ اس نیٹ ورک کا کام افغانستان اور پاکستان میں طالبان باغیوں کے خلاف معلومات جمع کرنا بتایا گیا ہے۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق مائیکل فرلونگ جس معاہدے کے تحت یہ سب کام کر رہے تھے، اس کی مالیت بیس ملین ڈالر تھی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں