1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اتحادی فوج حملے بند کرے: وزیراعظم گیلانی

16 ستمبر 2008

پاکستانی وزیراعظم نے نیٹو اور امریکی فورسز سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی بین الاقوامی حدود کی خلاف ورزیاں بند کریں تاہم برطانیہ کا کہنا ہے کہ اتحادی فوجی دستے حملہ آوروں کا پیچھا کرتے ہوئے سرحدعبور کرسکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/FJO8
تصویر: AP

وزیراعظم گیلانی نے اسلام آباد میں برطانوی وزیر انصاف جیک سٹراء سے ملاقات میں کہا کہ پاکستانی فوج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے واضع کیا کہ پاکستان کی جغرافیائی سالمیت اور ریاستی خود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائےگا۔ وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ علاقے میں قیام امن کے لئے پاک افغان منی جرگہ جلد ہی بلایا جائے گا جس سے خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیر انصاف جیک سٹراء نے کہا کہ اتحادی فوج کو افغانستان سے باہر کسی دوسرے ملک میں کارروائی کا حق نہیں تاہم وہ دہشت گردوں کا پیچھا کرتے ہوئے سرحد عبور کر سکتی ہے۔ برطانوی وزیر قانون و انصاف نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اپنی سرزمین کے راستے افغانستان میں نیٹو فورسز کیلئےسامان کی ترسیل کا راستہ فراہم کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت جامع مذاکرات کا حامی ہے اور بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتا ہے۔


جیک سٹراء نے پاکستان کو برطانیہ کا مضبوط شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ دوطرفہ تعلقات کے ہر شعبے خاص طور پر تجارت اور سکیورٹی کے شعبوں میں بھی پاکستان کی مدد کرتا رہے گا۔

اسلام آباد میں برطانوی وزیر نے مسلم لیگ نون کے رہنما چوہدری نثارعلی خان، وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقاتیں کیں۔