1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’آپ لوگ انتہائی فضول ہیں‘، یُنکر یورپی پارلیمان پر برہم

عاطف توقیر ڈی پی اے
4 جولائی 2017

یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلود یُنکر نے پارلیمان میں قانون سازوں کی کم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ لوگ ’نہایت فضول‘ ہیں۔

https://p.dw.com/p/2ftl9
Jean-Claude Juncker EU-Kommissionspräsident 09/2014
تصویر: Imago

منگل کے روز اسٹراس برگ میں واقع یورپی پارلیمان میں مالٹا کی یورپی یونین کی شمشماہی صدارتی ذمہ داریوں سے متعلق بحث ہونا تھی۔ مالٹا کی یہ صدارتی مدت جمعے کے روز مکمل ہوئی ہے۔ تاہم اس بحث کے موقع پر یورپی قانون سازوں کی ایک بڑی تعداد غیر حاضر تھی۔  ینکر نے پارلیمان سے خطاب میں کہا، ’’پارلیمان میں ’صرف تیس ارکان‘ کی موجودگی بتا رہی ہے کہ یورپی قانون ساز ’سنجیدہ‘ نہیں۔‘‘

اس موقع پر پارلیمان کے صدر انتونیو تاجانی نے انہیں ٹوک کر درست زبان استعمال کرنے کا کہا تو ینکر کا جواب میں کہنا تھا کہ وہ کبھی ایسے پارلیمانی سیشن میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس دوران پارلیمان کے صدر انتونیو تاجانی اور ینکر کے درمیان کچھ تند جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

Straßburg EU-Parlament Parlamentspräsident Tajani
تاجانی نے ینکر کو درست الفاظ کے استعمال کا کہاتصویر: Getty Images/AFP/P. Hertzog

 تاجانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ینکر پارلیمان کے لیے ’احترام کا رویہ‘ اختیار کریں۔ تاجانی نے کہا، ’’آپ پارلیمان پر تنقید کر سکتے ہیں۔ مگر کمیشن پارلیمان کو کنٹرول نہیں کرتا بلکہ پارلیمان کمیشن کو کنٹرول کرتی ہے۔‘‘

 ینکر نے کہا کہ اگر فرانسیسی صدر یا جرمن چانسلر پارلیمان کا رخ کرتیں، تو ارکان کی حاضری کہیں زیادہ ہوتی۔ ینکر نے اس موقع پر کہا کہ یورپی قانون سازوں کو چھوٹے ملکوں کی سربراہی کو قبول کرنا اور سنجیدہ لینا سیکھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین کی صدارت رکن ریاستوں کے درمیان ہر چھ ماہ کے لیے منتقل ہوتی ہے۔ اس ویک اینڈ سے ایسٹونیا نے اگلے چھ ماہ کے لیے یورپی یونین کی صدارت سنبھالی ہے۔